پنجاب کابینہ کا 4گھنٹے طویل اجلاس ڈھائی گھنٹے امن وامان پر غور کیا گیا
لاہور (پ ر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس 4گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اجلاس میں عوام کی فلاح وبہبود اوردہشت گردی سے نمٹنے کے حوالے سے اٹھائے گئے موثر اقدامات پر صوبائی وزراء نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے عوام کی خدمت اور دہشت گردی کی عفریت سے نجات دلانے کے لئے دن رات ایک کر دیا ہے ۔ انشاء اﷲآپ کی قیادت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے اور دہشت گردی کا قلع قمع ہوگا۔وزیراعلیٰ نے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کابینہ کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ خود جاکرسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر عوامی خدمت کا حق ادا کریں۔وزیراعلیٰ نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے صوبے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں اڑھائی گھنٹے تک امن وامان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات او رنیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر غور وخوض کیاگیا۔ چنیوٹ رجوعہ میں دریافت ہونے والے معدنی ذخائر کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے دور آمریت میں پنجاب کے حکمرانوں کی جانب سے چنیوٹ کے معدنی ذخائر پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ معدنی ذخائر کرپشن کے جبڑوں سے کھینچ کر عوام کی خدمت میں پیش کردئیے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے یہ شعر پڑھا:۔
دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے