بجلی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف واپڈاملازمین کی احتجاجی ریلی

بجلی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف واپڈاملازمین کی احتجاجی ریلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( خبرنگار) موجودہ حکومت عوام کو سستی بجلی مہیا کرانے کے لئے جنگی بنیادوں پر نئے ہائیڈل پاور سٹیشن اور گیس و کوئلہ سے تھرمل بجلی گھر سرکاری شعبے میں تعمیر کرائے تاکہ ملک میں لوڈشیڈنگ کی وبا ختم ہو۔واپڈا کی مجوزہ نجکاری پالیسی واپس لی جائے اس سے ملک میں بجلی کی قیمتوں میں نجی تھرمل بجلی گھروں کی طرح اضافہ ہوگا ۔ حکومت ملتان اور راولپنڈی کی ماضی کی نجی تھرمل کمپنیوں سے سبق سیکھے وہ منافع کے لئے شہر اور دیہاتوں میں بجلی کا کنکشن غیر منافع ہونے کی وجہ سے مہیا نہیں کرتی تھیں جس کی وجہ سے حکومت کو بجلی کی ان کمپنیوں کو واپڈا کے حوالے کرنا پڑا۔ واپڈا کی وجہ سے آج لاکھوں دیہاتوں کو بجلی مہیا کی جارہی ہے حکومت اندھا دھند شعبہ بجلی کو نج کاری کے حوالے کرنے کی بجائے اس قومی مسئلہ کو اپنے دوسرے ممالک کی طرح پارلیمنٹ اور سینٹ میں زیر بحث لائے ان مطالبات کا اظہار گزشتہ روز بمقام اسلام آباد اور لاہور میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین و انجینئرز ایسوسی ایشن اور محکمہ بجلی و واپڈا کے ہزاروں کارکنوں نے حکومت کی شعبہ بجلی کی مجوزہ نج کاری کے خلاف زبردست احتجاجی ریلی میں ایک قرار داد کے ذریعے کیا اس ریلی میں ملک بھر کے تمام صوبوں سے ہزاروں نمائندگان و کارکنان یونین نے موسم کی خرابی کے باوجود شرکت کی۔ جبکہ آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے رہنماؤں ناصر گلزار چودھری، روبینہ جمیل نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بزرگ مزدور راہنماء خورشیداحمد مرکزی جنرل سیکرٹری نے ملک کے عوام اور پالیسی سازوں کو واضح کیا کہ وہ آئین اسلامی جمہوری پاکستان کے تحت ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو بجلی کی بنیادی ضرورت مہیا کرائے ۔حکومت بجلی، ریلوے، آئل اینڈگیس اور پی آئی اے کی مجوزہ نج کاری نہ کی جائے جبکہ محکمہ بجلی کی مجوزہ نج کاری سے نہ صرف بجلی مہنگی ہوگی بلکہ ماضی کی طرح دیہاتوں کو بجلی مہیا نہیں ہوسکتی اور پانی کی تقسیم کی طرح بین الصوبائی تنازعات پیدا ہو ں گے اس موقعہ پر یونین کے صد رعبدالطیف نظامانی،گوہر تاج ، جاوید اقبال بلوچ،حاجی ظاہر گل، اقبال خان ، اقبال ڈار، رانا غلام جعفر اور انجینئرز ایسوسی ایشن کی طرف سے دلاور شاہ صدر، امجد حسین ناگرہ سیکرٹری ودیگر مزدور نمائندگان نے خطاب کیا اس موقع پر ریلوے، آئل اینڈگیس، نیشنل بینک آف پاکستان ودیگر مزدور تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کرتے ہوئے محکمہ بجلی /واپڈا کے محنت کشوں کی بجلی کی مجوزہ نج کاری روکنے کی جدوجہد میں اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اجلاس میں خورشید شاہ لیڈر آف اپوزیشن قومی اسمبلی نے کارکنو ں کو خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اْن کی حمایت قومی مفاد میں مفاد عامہ کے تمام اداروں بمعہ بجلی کی نج کاری کے خلاف ہے اس مقصد کے لئے وہ کارکنوں کی جدوجہد میں بھرپور حمایت کرتے ہیں اْنہوں نے وعدہ کیا کہ وہ یہ قومی مسئلہ اپنی جماعت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ ریلی

مزید :

صفحہ آخر -