غیرقانونی ویزا کنسلٹنٹ فرموں کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دائر

غیرقانونی ویزا کنسلٹنٹ فرموں کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ملک بھر میں غیرقانونی طور پر ویزا کنسلٹنسی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے دائر درخواست میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزیدسماعت کے لئے لارجر بنچ بنانے کی سفارش کر دی ۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے علی رانا ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ملک بھر میں ویزا کنسلٹنسی فرمیں اور ایجنسٹس غیرقانونی طور پرکام کررہے ہیں اور پاکستانیوں کو بزنس ویزا، سٹوڈنٹ ویزا اور امیگریشن ویزا کی مدمیں غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھجوایا جاتا ہے اور جب پاکستانی بیرون ملک پکڑے جاتے ہیں تو ملک کی دنیا بھرمیں بدنامی ہوتی ہے ، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان میں ویزا کنسلٹنسی فرموں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے کوئی قانون موجود نہیں ہے اور نہ ہی غیرقانونی کاروبار میں ملوث فرموں کے خلاف آج تک کوئی کارروائی ہوسکی ہے کیونکہ یہ ایک بااثر مافیا ہے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وزارت قانون کو اس معاملے میں قانون سازی کرنے کا حکم دیا جائے اور غیرقانونی طور پر ویزا کنسلٹنسی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے،سماعت کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ، عدالت نے وزارت قانون کو بھی جواب کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی مزیدسماعت کے لئے لارجربنچ تشکیل دینے کے لئے کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔

مزید :

صفحہ آخر -