کاکا موٹر سائیکل چوگینگ کے سر غنہ سمیت 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا
لاہور(کرائم سیل)اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف سٹی نے شاپنگ سنٹرز، ہاؤسنگ سوسا ئٹیوں ،پلازوں اور پارکنگ سٹینڈز کے باہر سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے گروہ کے2ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ 9 موٹرسائیکلیں، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کار وموٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف سٹی محمد یعقوب اعوان کی سربراہی میں سب انسپکٹرعبدالغفور انچارج اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف سول لائنز اور دیگراہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی ۔اس ٹیم نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں ریڈ کر کے کاکا موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ محمد رضوان عرف کاکا اور اس کے ساتھی یعقوب عرف بوباکو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی 9 موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیزاو رناجائز اسلحہ برآمد کئے ہیں۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیزکے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اور ان کے پرزے پرزے کر کے کباڑ مارکیٹ میں اُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ،سول لائنز، لوئر مال، باغبانپورہ،مصطفی آباد،ہربنس پورہ،گارڈن ٹاؤن، گلشن راوی، اقبال ٹاؤن، ملت پارک، مزنگ اور مانگا منڈی کے مختلف تھانوں کی حدود سے موٹر سائیکلیں چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔