جیلوں کی سیکورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے بیرونی دیواروں اور اندر ریزرکٹ وائر لگانے کا حکم

جیلوں کی سیکورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے بیرونی دیواروں اور اندر ریزرکٹ وائر ...

  

 لاہور(انویسٹی گیشن سیل) آئی جی جیل خانہ جا ت میاں فاروق نذیر نے سوئی گیس کی کمی کی صورت میں روٹی پکانے کے لیے کچن اسیران میں مزید تندور لگانے کا حکم دے دیا تا کہ روٹی بروقت اسیران کو فراہم کی جا سکے جبکہ جیلوں میں لگے پہلے سے نصب شدہ الیکٹرک واٹر کولرز کو چیک کر نے اور خراب ہو نے کی صورت میں فوری طور پر ٹھیک کروا نے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جا ت نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک، ڈسٹرکٹ جیل جہلم ، سب جیل چکوال اور ڈسٹرکٹ جیل گجرات کا دورہ کیا ، اپنے دورے کے دوران انہوں نے جیلوں کی چیکنگ سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا اور جیلوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے بیرونی سیکیورٹی دیواروں اور مین وال کے اندرون سائیڈ پر ریزر کٹ وائر فوری طور پر لگانے کی ہدایات دیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ آئی جی کو جیلوں کی انتظامیہ نے شکایت کی تھی کہ سوئی گیس کی کمی کی صورت میں روٹی پکانے میں دشواری کا سامنا ہے جس پر آئی جی جیل نے کچن اسیران میں مزید تندور لگانے کی حکم دے دیا تا کہ روٹی بروقت اسیران کو فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ گرمیوں کے موسم کی آمد کو پیش نظر رکھتے ہوئے جیل میں پہلے سے نصب شدہ الیکٹرک واٹر کولر ز کو چیک کرنے اور خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر ٹھیک کروانے اور تمام سیلنگ فین کو بھی چیک کر کے درست حالت میں چالو ہونے کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ جیلوں پر پی سی او لگانے کے لیے کمرے اور سی سی ٹی وی اور جیمرز کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لئے 20\'x14\'کا کنٹرول روم بنانے کی ہدایات دی گئیں ۔سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے سب جیل چکوال کے میں روڈ پر کنکریٹ بیرئیرلگانے کی ہدایت کی گئی تا کہ عام آدمی کا جیل حدود میں پہنچنا آسان نہ ہو۔ نیز 3سے زیادہ کیسوں میں ملوث اور بار بار آنے والے حوالاتیاں کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم مناسب سیکیورٹی کے ساتھ منتقل کرنے کا حکم دیا ۔ ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار انتہائی سست ہے اور کام مقررہ عرصہ میں تکمیل پانا مشکل ہے جو گورنمنٹ کے فنڈز کے ضیاع کا باعث بن سکتا ہے جس کے لئے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے اور بروقت مکمل کرنے کے لئے ہدایات دی گئیں۔ مزید برآں نیو جیل کے خالی حصہ پر 32عدد نئے ڈیتھ سیل تیار کرنے ، زنان خانہ میں سلائی کڑھائی کا کام شروع کرنے کا حکم دیا گیا۔

مزید :

علاقائی -