سوائن فلو سے مقبوضہ کشمیر میں دوافراد جاں بحق
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں سوائن فلو سے متاثرہ دو افراد زندگی کی بازی ہارگئے ہیں جبکہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ستّر سے زائد مریضوں کو سوائن فلو سے متاثر قرار دیا گیا جبکہ اس بیماری میں مبتلا دو افراد دو روز میں ہلاک ہوگئے۔
شیرکشمیرانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یا SKIMS کے سربراہ شوکت زرگر نے کے مطابق مرنیوالے مریضوں کا پچھلے پانچ ماہ سے جائزہ لیاجارہاتھا۔ اُنہوں نے بتایاکہ گذشتہ برس ستمبر میں آئے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے کشمیر کے ہسپتالوں میں موجود تشخیص کا نظام پوری طرح تباہ ہوگیا تھا اور سکمز واحد ادارہ ہے جہاں سوائن فلو کی تشخیص کا انتظام ہے،مقبوضہ علاقہ سیروتفریح کے لیے مشہور ہے اور کچھ لوگوں میں پہلے ہی وائر س موجود ہوتاہے لیکن جب وہ ٹھنڈے ماحول میں پہنچتے ہیں تو وہ بخار یا کھانسی میں مبتلا ہوجاتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ کشمیری حکام کو زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
یادرہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعلیمی ادارے گذشتہ برس ستمبر سے بند پڑے ہیں۔ چھہ ماہ بعد یہ ادارے 24 فروری کو کھلنے والے تھے تاہم محکمہ صحت کے حکام نے حکومت سے کہا ہے کہ اس بیماری کے پھیلاو کے انسدادی انتظامات مکمل ہونے سے قبل تعلیمی اداروں کا کھلنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔