لاہور پولو کلب کے زیراہتمام رائل ریذیڈنیشیا ایبک پولو کپ کا دومیچ آج ہونگے

لاہور پولو کلب کے زیراہتمام رائل ریذیڈنیشیا ایبک پولو کپ کا دومیچ آج ہونگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر)لاہور پولو کلب کے زیراہتمام رائل ریذیڈنیشیا ایبک پولو کپ کا دوانتہائی اہم میچز آج کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ڈائمنڈ پینٹس اور ماسٹر پینٹس کے درمیان جبکہ دوسرا میچ تین بجے لرننگ الائنس اور ماسٹرپینٹس /حبیب میٹرو کے درمیان کھیلا جائے گا۔اگر ڈائمنڈ پینٹس نے میچ جیت لیا تو وہ مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائیں گے جبکہ ماسٹر پینٹس کے میچ جیتنے کی صورت میں بہتر گول اوسط والا فائنل کھیلے گا۔ دوسری طرف لرننگ الائنس اور ماسٹرپینٹس /حبیب میٹرو دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ میچ جیتنے والی ٹیم مین فائنل اور ہارنے والی ٹیم سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم میں میر شعیب احمد، راجہ تیمور ندیم، ثاقب خان خاکوانی اور سنٹیاگو کیرنڈس جبکہ ماسٹر پینٹس کی ٹیم میں صوفی فاروق، بلال حئی، حمزہ مواز خان اور جان کروز لوساڈا شامل ہیں۔ لرننگ الائنس میں عدنان جلیل اعظم، عثمان حئی، احمد علی ٹوانہ اور متیاز وائل پیرز ، ماسٹر پینٹس /حبیب میٹرو میں صوفی حارث، صوفی عامر، پیٹرو گرتیز اور حسام علی حیدر شامل ہیں۔
لاہور پولو کلب کے سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب کا کہنا تھا کہ جمعہ کوتماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد کے آنے کی امید ہے۔ سیزن پیک پر جانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی پولو میں دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔ اس کے بعد پنچاب کپ شروع ہو رہا ہے جو سال کے بہترین ایونٹس میں ایک ایونٹ ہے۔