پیف مفت و معیاری تعلیم کا سب سے بڑا اور کامیاب پروگرام ہے ، قمر الاسلام

پیف مفت و معیاری تعلیم کا سب سے بڑا اور کامیاب پروگرام ہے ، قمر الاسلام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نامہ نگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن مفت و معیاری تعلیم کا سب سے بڑا اور کامیاب پروگرام ہے ۔یہ فروغ تعلیم کی کامیابی کی کہانی ہے جس کی افادیت کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا چکا ہے ۔یہ فاؤنڈیشن ’’پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب ‘‘ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جس سے غریب بچے اپنا مقدر سنوار رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمر الاسلام راجہ نے گلگت بلتستان حکومت کے سیکرٹری تعلیم ثناء اللہ کی زیر قیادت تین رکنی وفد کو اپنے دفتر میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بارے بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا عزم ہے کہ ہر غریب بچے کو تعلیم کے ذریعے بحال کیا جائے ۔ہم نے تعلیم دے کر غریب بچوں کی محرومیوں کو خوشیوں میں بدل ڈالا ہے ۔ ہمارے بچے ہمارا سماجی اثاثہ ہیں ۔


اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ 36اضلاع میں 6ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں کے ذریعے 19لاکھ مستحق طلباء و طالبات کو تعلیم کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے ۔ایم ڈی پیف طارق محمود نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی معاونت سے چھوٹے او ر درمیانے درجے کے نجی سکولوں کے معیار تعلیم میں نمایاں بہتری آئی ہے۔بے وسیلہ خاندانوں کی تعلیم تک بلا امتیاز رسائی ممکن ہونے سے تخفیف غربت کے ساتھ ساتھ گرلز ایجوکیشن کو بھی رواج ملا ہے ۔گلگت بلتستان کے سیکرٹری تعلیم ثناء اللہ نے کہا کہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے قیام میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی ماڈل سے فائدہ اٹھایا جائے گا ۔دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم کے چےئرمین قمر الاسلام نے انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ پالیسی سائنسز کے زیر اہتمام پنجاب میں تعلیم کی لیجسلیٹو گورننس کے موضوع پر ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ مجلس مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی انتہائی فعال رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں بجٹ کا 27فی صد حصہ ایجوکیشن سیکٹر پر خرچ کیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب صوبائی حکومت نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے مستحق بچوں کو تعلیمی اخراجات سے بے نیاز کر دیا ہے ۔***