وزیراعظم کے مشیرعرفان صدیقی کااردوسائنس بورڈکا دورہ

وزیراعظم کے مشیرعرفان صدیقی کااردوسائنس بورڈکا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نامہ نگار) وزیراعظم کے مشیربرائے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی نے کہاہے کہ اردوکی ترویج اورفروغ کے لیے کام کرنے والے اداروں کی اہمیت سے انکارممکن نہیں اوران اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز اردوسائنس بورڈکے دورے کے دوران کیا ۔ اس موقع پرڈائریکٹرجنرل اردوسائنس بورڈمشہوداحمدمرزانے انہیں بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران خیالات کا اظہارکرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ اردوزبان قومی سطح پر رابطے کابہترین ذریعہ ہے ۔ سائنسی اورٹیکنیکل علوم کا صحیح فہم وادراک اپنی زبان میں ہی ہوسکتاہے۔ سائنسی علوم کو اردوزبان میں ڈھالنامشکل کام ہے لیکن اردوسائنس بورڈ ایک قومی ادارے کی حیثیت سے اس کارنامے کو انجام دینے کے لیے کوشاں ہے۔اردوزبان میں سائنسی اورٹیکنیکل علوم کے فروغ کے لیے اردوسائنس بورڈکاکرداربڑی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے بورڈکو ہدایت کی کہ اردوزبان میں کتابوں کی دستیابی اورعلاقائی روابط کو بہتربنانے کے لیے ملتان اورکراچی میں اردوسائنس بورڈکے دفاترقائم کیے جائیں۔

مشیر وزیراعظم نے اردوزبان کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے بورڈانتظامیہ کو ہدایت کی کہ اردوزبان میں علوم کے فروغ کے لیے نئی راہیں تلاش کی جائیں اورعملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی تربیت اوررہنمائی اوردینی مدارس کے لیے اردومیں سائنسی مضامین کی کتب کی تیاری پر کام کیاجائے جبکہ ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں کے اشتراک وتعاون سے تربیتی موادتیارکیاجائے ۔ عرفان صدیقی نے اردوسائنس بورڈکے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے وزارت کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل ڈائریکٹرجنرل اردوسائنس بورڈمشہوداحمد مرزانے بریفنگ میں بورڈکے جاری اورمستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی طورپر بتایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹرسید عاصم حسنین، وزارت کے اعلیٰ افسران اوربورڈکے افسران بھی موجودتھے۔