کرپشن کے باعث ملک میں غربت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،ذکر اللہ مجاہد

کرپشن کے باعث ملک میں غربت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( نمائندہ خصوصی ) امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ کرپشن کے باعث ملک میں غربت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کرپشن کا زہر ملک کے ہر ادارے میں کینسر کی طرح پھیل رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرپشن فری پاکستان مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امراء ضیاء الدین انصاری ، ملک شاہد اسلم ، انجینئر اخلاق احمد ، محمد عمیر خان ، خالد احمد بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں ، بیوروکریسی اور اشرافیہ نے ملک کو خوفناک کرپشن کے ذریعے کنگال بنا دیا ہے۔ کسی محکمے میں بھی رشوت اور شفارش کے بغیر کام نہیں ہوتا ہے حتی کہ لاہورکے سرکاری قبرستانوں میں بغیر رشوت کے قبر کیلئے جگہ ملنا بھی محال ہے۔


انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا نیب کے حوالے سے دیا گیا بیان اس بات کا ثبوت دیتا ہے کہ حکمرانوں نے ڈھائی سالوں میں عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا اور بحرانوں میں اضافہ موجودہ حکمرانوں کی اصل کارکردگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان مہم کے ذریعے قوم کو کرپشن کی ہولناک تباہ کاریوں اور ملک کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹوں سے آگاہ گرے گی۔