آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان پر امن ملک بن کر سامنے آیا ہے ، گورنر سندھ

آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان پر امن ملک بن کر سامنے آیا ہے ، گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کرا چی(آن لائن)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان خطے میں ایک پر امن ملک بن کر سامنے آیا ہے جس کی مثال ہمیں ماضی قریب میں نہیں ملتی ہے ماضی کے چیلنجز کے باعث ہی دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر رہا تھا لیکن پاکستان کے عوام اور سیاسی و عسکری قیادت نے جس عزم کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیکر آپریشن ضرب عضب شروع کیا اس نے انتہائی قلیل وقت میں ملک بھر سے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی آپریشن کی فعالیت کے دوران بعض دہشت گردوں نے بھاگنے میں ہی اپنی عافیت سمجھی ،آج دنیا اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے یہاں بھی عوام کو دیگر پر امن ممالک کی طرح سیکیورٹی حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنر ہاؤس میں ارجنٹائن کے سفیر Mr.Rodolf J.Martin Saravia سے گفتگو کے دوران کیا ۔گورنر سندھ نے کہاکہ پاکستان میں نیشنل ایکشن پلان کو صرف آپریشن ضرب عضب تک ہی محدود نہیں رکھا گیا ہے بلکہ اب اس کے تحت بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام بھی جاری ہیں صوبہ و شہر میں بھی تیزی سے ترقیاتی کاموں کا جال بجھا دیا گیا ہے جن پر تیزی سے کام بھی جاری ہے شہر کے فراہمی آب کے عظیم منصوبہ K-IV پر بھی کام کا آغاز کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے زیر التواء کا شکار ماس ٹرانزٹ پروگرام پر وفاقی حکومت کے تعاون سے کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومت اور نجی اداروں کے تعاون سے اس کے لئے مخصوص کوریڈورز پر بھی کام کا آغاز کیا جاچکا ہے اس ضمن میں گرین ، اورنج ، یلو اور براؤن لائن سمیت دیگر پر کام جاری ہے ساتھ ہی سرکلر ریلورے کو بھی ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے دوسری جانب شہر کی خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لئے پارکوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے سمیت مزید نئے پارکس بنانے کے لئے بھی کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن پاکستان سرمایہ کاری کے لئے انتہائی موزوں ہے یہی وقت ہے کہ بدلتے حالات اور ترقی کی راہ پر گامزن شہر میں سرمایہ کاری سے اس کی استعداد کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔اس موقع پر ارجنٹائن کے سفیر Mr.Rodolf J.Martin Saravia نے کہا کہ ارجنٹائن سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کی اہمیت مسلمہ ہے یہ سرمایہ کاری کے لئے پر کشش اور آئیڈیل ملک ہے بہت جلد ارجنٹائن کے سرمایہ کارپاکستان میں انرجی سیکٹر ، زراعت اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرینگے اس ضمن میں متعدد میگا پروجیکٹس پر پاک ارجنٹائن مشترکہ سرمایہ کاری بھی متوقع ہے ۔