کراچی ،معراج الہدی ٰ سے کسان راج تحریک کے وفدکی ملاقات

کراچی ،معراج الہدی ٰ سے کسان راج تحریک کے وفدکی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ کاشتکار کی خوشحالی سے ہی ملک وقوم کی خوشحالی وابستہ ہے، حکومت سندھ میں زراعت کی ترقی اور ہاریوں کی خوشحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔کھاد سمیت ادویات ودیگر زرعی سامان مہنگا اور فصلوں کے مناسب ریٹ نہ ملنے کی وجہ سے سندھ کا کاشتکار طبقہ حکومتی بے حسی اور سرمایہ دار طبقے کی استحصال کا شکار ہے۔زراعت کی بہتری وزراعت پیشہ افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں اپنی فصلوں کے مناسب ریٹ دیئے جائیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ہاریوں سمیت مظلوم عوام کی داد رسی اور ان سے ہونے والی ناانصافیوں کیخلاف آواز بلند کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں کسان راج تحریک کے چیئرمین ارسلان خان خاکوانی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد میں مرکزی جنرل سیکرٹری ملک محمد رمضان، سندھ کے کوآرڈینیٹر عبدالحفیظ بجارانی اور زبیر احمد شامل تھے جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ کسان راج تحریک کے چیئرمین ارسلان خان خاکوانی نے کہا کہ ملک کی 70%آبادی زراعت سے وابستہ ہے جو کہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں مگر حکومتی بے حسی اور مٹھی بھر سرمایادار طبقہ سارا منافعہ لیکر کاشتکاروں کا استحصال کررہی ہے، گندم، دھان اور گنے سمیت کاشتکاروں کو اپنے فصلوں کی لاگت شدہ قیمت بھی وصول نہیں ہوتی۔بھارتی آبی جارحیت اور پانی کی شدید کمی کی وجہ سے زمینیں بنجر ہوتی جارہی ہیں،دوسری جانب کاشتکاروں کو فصلوں کے مناسب ریٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ سخت مایوسی کا شکار ہیں۔ اسلئے’’ کسان راج تحریک‘‘کے ذریعے ہم کسانوں کو اپنے حقوق دلانے کیلئے میدان عمل میں نکلے ہیں۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کسان راج تحریک کے رہنماؤں کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا کہ وہ کسانوں کے مسائل پر ان کی بھرپور حمایت اور جدوجہد میں ساتھ ہونگے۔ آخر میں صوبائی امیر نے آئے ہوئے مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی۔