حکومت عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے،اکبر اجن

حکومت عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے،اکبر اجن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہیومن رائٹس نیٹ ورک سندھ چیپٹر کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس قباء آڈیٹوریم میں سندھ کے صدر ایڈوکیٹ سردار اکبر اجن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ صوبائی جنرل سیکریٹری کمال احمد فاروقی نے رواں سال کا منصوبہ عمل کے ساتھ گذشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے کراچی تا کشمور سندھ میں حقوق انسانی کی شدید پامالی خاص طور پر سندھ میں ہونے والے قبائلی تصادم میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع اور کارو کاری سمیت دیگر جاہلانہ رسومات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت سندھ میں قبائلی تصادم جیسے ناسور کے خاتمے کیلئے ٹھوس وعملی اقدامات کرے۔ نیز متحارب گروپوں کے سرداروں کو بھی پابند بنایا جائے کہ وہ فریقین کے درمیان صلح کرانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ قبائلی تصادم کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف وہراس ،مختلف اضلاع میں علاقے ویران، کاروبار تباہ ،عوام کی معمول کی زندگی معطل اور بچے اسکول نہیں جاسکتے جن کی وجہ سے عوام کے انسانی حقوق شدید متاثر ہورہے ہیں۔ایچ آر این سندھ چیپٹر کے صدر سردار اکبر اُجن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے ،جب تک امیر وغریب کیلئے یکساں قانون نہیں ہوگا اس وقت تک ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔ پاکستان میں رہنے والے ہر شہری کو عدل وانصاف سمیت یکساں حقوق دیئے جائیں۔امیر وغریب کیلئے الگ الگ قوانین کی وجہ سے ملک میں انسانی حقوق کی شدید پامالی اور محرومیوں میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ہمارا معاشرہ انتشار ،انتقام اور تباہی کا شکار ہے۔پرامن وخوشحال معاشرے کے قیام کیلئے عدل وانصاف کے مطابق تمام لوگوں کے حقوق انسانی کا خیال رکھنا ہوگا۔