دہشت گردوں کے خلاف ایکشن پر سکیورٹی فورسز خراجِ تحسین کی مستحق ہیں: ناصر حمید خان

دہشت گردوں کے خلاف ایکشن پر سکیورٹی فورسز خراجِ تحسین کی مستحق ہیں: ناصر ...

  

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر کے بعد سکیورٹی فورسز کے فوری متحرک ہونے اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے منصوبوں کو ناکام بنانے اور پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے درپے ہیں لیکن تاجر برادری، حکومت اور مسلح افواج متحد ہوکر ان گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ تاجر برادری وزیراعظم نواز شریف، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے فوری اقدامات پر مطمئن اور دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ ساری قوم دہشت گردی کے سانحات میں جاں بحق ہونے اور سکیورٹی فورسز کے ان شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے قومی تحفظ کے لیے اپنی جانیں نچھاور کردیں۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ ساری دنیا چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کررہی ہے اور ملک معاشی طور پر آگے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے ملک دشمن عناصر بْری طرح خائف اور گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کا قیمتی خون قیمتی خون کسی صورت بھی رائیگاں نہیں جائے گا،ساری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ناصر حمید خان نے کہا فوری طور پر دہشت گردی کے نیٹ ورک تک پہنچ کر اور لاتعداد دہشتگردوں کو ہلاک کرکے پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دنیا پر یہ واضح کردیا ہے کہ وہ ملک کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور عوام مل کر ملک کے کونے کونے میں دہشت گردوں کا محاسبہ کریں گے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر نے اُن عناصر کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو دہشت گردوں کی مدد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے گھناؤنے واقعات مسلح افواج ، حکومت اور تاجروں کے عظیم حوصلے کو پست نہیں کرسکتے۔

مزید :

کامرس -