پاکستان میں پولٹری کی صنعت میں 700 ارب روپے کی سرمایہ کاری
کراچی(اکنامک رپورٹر) پاکستان میں پولٹری کی صنعت میں700 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ پولٹری کی صنعت15 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کررہی ہے۔ پاکستان پولٹری انڈسٹری( پی پی اے) نارتھ زون کے سیکرٹری جاوید بخاری نے کہا ہے کہ پولٹری کی صنعت ملک کے دور دراز اور دشوار گزار دیہی علاقوں میں روزگار کی فرواہمی کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور صنعت 15 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولٹری انڈسٹری پروٹین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
یونیسیف کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں 5 تا15 سال کی عمر کے تقریباً44 فیصدبچوں کو پروٹین کی قلت کے مسائل کا سامنا ہے۔ جاوید بخاری نے کہا کہ پولٹری کی صنعت گوشت اور انڈوں کی صورت میں پروٹین کی فراہمی کا ایک سستا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گوشت کی مجموعی کھپت کا تقریباً40 فیصد حصہ پولٹری کی صنعت فراہم کرتی ہے اور10.5 کلو گرام گوشت اور90 انڈے فی کس سالانہ فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری کی صنعت کم آمدنی والے طبقہ کو پروٹین کی فراہمی کا ایک بڑا ذریعہ ہے جبکہ شعبہ سے لاکھوں افراد کو روزگار بھی فراہم کیا جارہا ہے۔