طبی سہولیات کی فراہمی ،ضلعی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ،23منصوبے مکمل

طبی سہولیات کی فراہمی ،ضلعی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ،23منصوبے مکمل

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی صحت کے شعبہ میں خصوصی دلچسپی اور صحت کے حوالے سے عوام الناس کے مسائل کو اولین بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کے باعث صوبائی دارالحکومت میں ضلعی سطح پر موجود صحت کے مراکز میں تزئین و آرائش اور ان کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ، ماحول اور صفائی ستھرائی کا نظام کافی حد تک بہتر ہوگیا ہے۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے اس سال شہر میں موجود صحت کے مراکز کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کی 92سکیموں پر کام شروع کیاجس پر511ملین روپے کی خطیررقم رکھی گئی جن میں سے اب تک 288ملین روپے خرچ کر کے 23صحت کے مراکز پر تعمیراتی وترقیاتی کام کو مکمل کروادیا گیا ہے جبکہ باقی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ڈی ایچ کیو اورتحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی تزئین وآرائش اور اپ گریڈیشن کی سات سکیمیں رکھیں جبکہ آر ایچ سی کی5،زچہ بچہ ہسپتال کی2،فلٹر کلینک کی 5،آئی کلینک کی1، ڈایگناسٹک سنٹرز کی4، ڈسپنسریوں کی65اور بنیادی مراکز کی ایک سکیم شامل ہے۔ڈی ایچ کیو اور تحصیل ہیڈکواٹرز لیول کے جن ہسپتالوں میں تزئین وآرائش اور اپ گریڈیشن کا کام جن صحت کے مراکز میں جاری ہے ان میں گورنمنٹ میاں منشی ٹیچنگ ہیڈکوارٹر ہسپتال لاہور شامل ہے جس پر 75ملین سے واش رومز ،سیوریج ،الیکٹرسٹی،چھتوں کی مرمت،فرشوں کی مرمت اور نئی ایمرجنسی وارڈ اور گائنی وارڈ کاکا م مکمل کر دیا گیا ہے۔بلال گنج ہسپتال میں مردانہ اور زنانہ وارڈ کی نئی تعمیر 44 ملین سے کر دی گئی ہے۔25بیڈز پر مشتمل لال کو آرٹر سمن آبادمیں موجود ہسپتال میں 2ملین سے تزین وآرائش کا کام مکمل کر دیا گیا ہے۔ٹی ایچ کیو رائے ونڈ میں 14 لاکھ روپے سے نیا ایکسرے روم بنا دیا گیاہے۔گورنمنٹ ہسپتال شاہدرہ ٹاؤن میں 56لاکھ کی رقم سے چاردیواری ،میڈیسن سٹور اور نرسنگ کاونٹرز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔غازی آؓؓباد ہسپتال میں 18لاکھ روپے کی لاگت سے انتظار گاہ میں بیٹھنے کے لیے بینچ بنائے جارہے ہیں۔آئی ہسپتال سوامی نگر میں 20ملین سے تزین و آرائش اور گریڈیشن کا کام جاری ہیں ۔آر ایچ سی چوہنگ ،رائے ونڈ، اعوان ڈھائیوالہ اور مانگا کے لیے تقریباً 120ملین روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام مکمل کر دیا گیا ہے۔اس طرح سے تقریباً ساڑھے 26 ملین سے دیہی ہیلتھ سنٹر برکی میں باونڈری وال،فرشوں کی ٹائلنگ سے پختگی اور بجلی کا کام جاری ہے گورنمنٹ زچہ بچہ ہسپتال چوہان روڈ پر 5ملین سے تزین و آرائش اور اَپ گریڈیشن کا کام مکمل کر دیا گیا ہے۔اس طرح دیگر صحت کے مراکز پر کام تیزی سے جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید نے کہا کہ لاہور کے صحت کے مراکزمیں تعمیراتی و ترقیاتی کام ہونے سے کافی حد تک بہتری آ ئی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -