قوم دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہے :رفیق تارڈ

قوم دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہے :رفیق تارڈ

  

لاہور(وقائع نگار) دہشتگردووں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ دشمن ہمیں مایوسی اور ناامیدی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں تاہم وہ نہیں جانتے کہ یہ قوم ایسی کئی آزمائشوں میں پہلے بھی بفضل خدا سرخرو ہو چکی ہے اور اب بھی سرخرو ہو گی۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس مملکت خداداد کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے‘ اسے امن و آشتی کا گہوارہ بنا دے ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں نویں سالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کے تیسرے روز منعقدہ اختتامی نشست میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اس کانفرنس کا کلیدی موضوع’’ طلوع پاکستان کے 70سال۔۔۔ کامیابیاں اور مسائل‘‘ تھا۔اس نشست کے مہمانان خاص صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں اور میئر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید تھے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہدرشید نے اداکیے۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے ان واقعات سے دراصل ہمارے دشمن ہمارے اس عزم کو متزلزل کرنے چاہتے ہیں لیکن ایسا کرنے میں وہ کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ وہ ہمیں مایوسی اور ناامیدی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں تاہم وہ نہیں جانتے کہ یہ قوم ایسی کئی آزمائشوں میں پہلے بھی بفضل خدا سرخرو ہو چکی ہے اور ان شاء اﷲ آزمائش کی اس گھڑی میں بھی اﷲ کی نصرت سے کامیاب و کامران ہو گی۔ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے بیرونی دنیا سے لوگ یہاں ملازمتوں کیلئے آئیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج پاکستان کے استحکام کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔استحکام پاکستان کی جنگ کا ہراول دستہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ہے۔ مجید نظامی کے بعد محمد رفیق تارڑ اس مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ مسلمانان برصغیر نے آزاد وطن کے حصول کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔ آج پاکستان کو با کردار لوگوں کی ضرورت ہے۔ اس وقت پوری قوم دہشت گردی کا سامنا کر رہی ہے اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے بھی غدار ہیں جبکہ سی پیک کی مخالفت کرنے والے ملکی سلامتی وترقی کے دشمن ہیں۔ میئر لاہور کرنل(ر) مبشرجاویدنے کہا کہ ہماری حکومت وطن دشمن عناصر کا مقابلہ بڑی بہادری سے کر رہی ہے اور ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔ ہندوستان افغانستان کے ذریعے یہاں حالات خراب کر رہا ہے۔ نئی نسل کو نظریۂ پاکستان اور قیام پاکستان کے حقیقی اسباب و مقاصد سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ذاتی اغراض و مقاصد کو پیچھے چھوڑ کر ملک کے لئے دن رات کام کرنا چاہئے۔ وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہاکہ ماضی میں مسلمانوں نے دنیا کی ہر شعبے میں رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے۔ نظریۂ پاکستان ہمہ گیر ہے اور ہر شعبے کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ علامہ محمد اقبالؒ نے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا جو خواب دیکھا تھا 1947ء کو پاکستان کی صورت میں اسے تعبیر ملی۔انہوں نے کہ سی پیک کی وجہ سے آج ساری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہترین جغرافیہ عطا کیا ہے۔ ہمارا مقصد اس ملک کو قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ و دیگر مشاہیر تحریک آزادی کے افکارونظریات کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانا ہے۔تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا کہ قائداعظمؒ ہندو ذہنیت کو قریب سے دیکھ کر یہ حقیقت سمجھ چکے تھے کہ یہ دو قومیں اکٹھی نہیں رہ سکتیں۔ ہندوؤں نے قائداعظمؒ کی بہت مخالفت کی مگر وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم ایبٹ آباد علی افضل جدون ،صدر نظریۂ پاکستان فورم پشاور ملک لیاقت علی تبسم ، صدر نظریۂ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمیدرضا صدیقی،صدر نظریۂ پاکستان فورم فیصل آباد الحاج میاں عبدالکریم ،صدر نظریۂ پاکستان فورم گوجرانوالہ ساجد پرویز بھٹی، چیف آرگنائزر نظریۂ پاکستان فورم کوئٹہ راز محمد لونی ،صدر نظریۂ پاکستان فورم ڈیرہ غازی خان طارق علی خان کاکڑ ،صدر نظریۂ پاکستان حافظ آباد حافظ محمد اکرم چشتی،صدر نظریۂ پاکستان فورم کامونکے محمد آصف شیخ ،ملک دین محمد یٰسین ،صدر نظریۂ پاکستان فورم وزیرآباد عمران رسول بٹ ، سیکرٹری نظری�ۂپاکستان فورم میر پور ظہیر اعظم جرال نے بھی خطاب کیا۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا کہ نظریۂ پاکستان کانفرنس میں منعقدہ 9نشستوں میں 1525مندوبین نے شرکت کی۔ انہوں نے شرکائے کانفرنس سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں واپس جا کر نظریۂ پاکستان کی ترویج و اشاعت کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ پروگرام کے آخر میں رانا مشہود احمد خاں، کرنل(ر) مبشر جاوید، میاں ولید احمد جواد شرقپوری، ابصار عبدالعلی،ایس پی سول لائنز علی رضا ، علی افضل جدون،بیگم ثریا خورشید، ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق،فوزیہ چیمہ، نجمہ بلال، تسنیم احمد، حافظ مرغوب احمد ہمدانی،ڈاکٹر ندیم الحسن گیلانی،پروفیسر حمید رضا صدیقی، ملک لیاقت علی تبسم،میاں عبدالکریم،ساجد پرویز بھٹی، طارق خان کاکڑ، ملک دین محمد یٰسین،پروفیسر عزیز احمد ہاشمی،راز محمد لونی،آصف شیخ،اکرم چشتی،ظہیر اعظم جرال،غلام رسول بٹ کو یادگاری شیلڈز دیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -