پینگولین کی نسل بچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،نعیم بھٹی
لاہور (لیڈی رپورٹر)پینگو لین کی معدوم ہوتی نسل کے بچاؤکیلئے محکمہ تحفظ جنگلی حیات ہر ممکن اقدامات کررہاہے ۔ پوٹھوہارریجن اور گوجرانوالہ میں پائے جانیوالے چو پائے کے تحفظ کیلئے فیلڈ سٹاف ہمہ وقت کوشاں ہے اوراس کے غیر قانونی شکارمیں ملوث افراد کیخلاف چالان کئے جارہے ہیں۔پینگولین کی نسل کے تحفظ کے لئے اسے حال ہی میں کنونشن آن انٹرنیشنل ٹریڈ ان اینڈینجرڈ سپیشیز آف وائلڈ فانا اینڈ فلور ا کے اپنڈکس ون میں شامل کیاگیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرجنگلی حیات ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی نے یہ بات لاہورچڑیاگھر میں دنیا بھر میں منائے جارہے پینگولین کے چھٹے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر چڑیا گھر چو دھری شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹرجنگلی حیات وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود اور محکمہ کے دیگرافسران کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور لوگوں کی بڑی تعدادموجود تھی ۔