خطے سے دہشتگردی ختم کرنے کیلئے فریقین مل کر حکمت عملی بنائیں ،پاکستان

خطے سے دہشتگردی ختم کرنے کیلئے فریقین مل کر حکمت عملی بنائیں ،پاکستان

  

اسلام آباد(اے این این) پاکستان نے خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افغانستان کی سیاسی و عسکری قیادت ،ملٹری انٹیلی جنس اور دوسرے فریقوں کو دعوت دی ہے کہ وہ آگے آئیں تا کہ مل کر موثر حکمت عملی تشکیل دی جا سکے اور اس کے ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ امن کی خواہش ہماری کمزوری نہیں ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افغانستان کا تعاون نا گزیر ہے،کستان اور خطے کے دوسرے ملکوں کو افغانستان میں داعش کی موجودگی پر شدید تحفظات ہیں جوخطے کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے،ہم افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی روکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں، پرامن ہمسائیگی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہونے کی وجہ سے پاکستان کے عالمی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں،اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن یقینی بنانے کیلئے افغانستان کا تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے افغان قیادت، ملٹری انٹیلی جنس اور دوسرے متعلقہ فریقوں پرزوردیا کہ وہ مسائل کے حل کی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے آگے آئیں۔اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان خطے میں افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کی دراندازی روکنے کیلئے سرحدی نظم ونسق اورسرحدی علاقوں میں گشت سمیت تمام اہم اقدامات کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوجی اور سول قیادت نے افغانستان کو پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرنے والے دہشت گردوں کو موثر طور پر روکنے کیلئے اقدامات کرے۔اعزازچودھری نے کہاکہ پاکستان اور خطے کے دوسرے ملکوں کو افغانستان میں داعش کی موجودگی پر شدید تحفظات ہیں جوخطے کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اس سلسلے میں کردار ادا کرسکتا ہے اور اسے افغانستان سے کہنا چاہیے کہ وہ خطے میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اس کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ ایک اور سوال پر اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے اور ترقی کیلئے متحد ہوکر کوششیں کی ہیں۔پاکستان کی خارجہ پالیسی کو درپیش مسائل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ قومی ترقی کیلئے بے شمار مواقع فراہم کررہا ہے۔اعزاز چودھری نے کہاکہ افغانستان میں بدامنی نے پاکستان کو بری طرح متاثر کیا ہے اوراس سے قومی سلامتی کوکئی خطرات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پرامن ہمسائیگی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہونے کی وجہ سے پاکستان کے عالمی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

مزید :

علاقائی -