وزیراعلیٰ سندھ کا تمام درگاہوں اور عبادت گاہوں کے سکیورٹی آڈٹ کا حکم

وزیراعلیٰ سندھ کا تمام درگاہوں اور عبادت گاہوں کے سکیورٹی آڈٹ کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام درگاہوں ، تمام فرقوں اور مذاہب کی عبادگاہوں اور عوامی مقامات کی سیکیورٹی آڈٹ کرنے کا آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو حکم دے دیا یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روزوزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان باالخصوص سیہون شریف اور دیگر علاقوں کی سیکورٹی کے حوالے سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن ، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی ، وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے اوقاف سید غلام شاہ ، کمشنر کراچی اور دیگر کمشنرزاور ڈی آئی جیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے ڈویژنز سے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے افسوس ناک واقعہ کے نتیجے میں جانی نقصانات نے مجھے دلی صدمہ پہنچا یا ہے شہید ہونے والوں کے ورثہ کی آہیں میرے ذہن اور دماغ میں ابھی تک گھو م رہی ہیں اور اس کیس کو ہر صورت حل ہونا چاہئے اور جب تک مجرموں کو گرفتار نہیں کیا جائیگامجھے اس وقت تک سکون نہیں ملے گا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ ہر مزار پر لیڈی سرچرز ہونی چاہئیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو لعل شہباز قلندر ، شاہ عبدا لطیف بھٹائی ، عبد اللہ شاہ غازی ، شاہ عقیق سمیت اور دیگر 86درگاہوں کی سیکیورٹی آڈٹ کے لئے آئی جی سندھ کو واضح احکامات د یتے ہوئے کہاکہ اسپیشل برانچ اپنے ماہرین کے ذریعے سیکیورٹی آڈٹ کرے گی ۔ اس موقعہ پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ مجھے تمام عبادت گاہوں، درگاہوں ،اہم پبلک مقامات کاسیکیورٹی پلان چاہئے۔اجلاس میں کمشنر حیدر آباد قاضی شاہد پرویز اور ڈی آئی جی حیدر آباد خادم رند نے ویڈیو لنک کے ذریعے ا پنی ڈویژنوں میں تمام درگاہوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنروں، متعلقہ ڈی سیز ،ایس ایس پیزاور اوقاف کے افسر ان پر مشتمل کمیٹی بنانے کے احکامات دئیے اور کہا کہ یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی کے معاملات د یکھیں گی اور کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو ہدا یت کی کہ اب سب الرٹ او رمتحر ک ہو جائیں کیونکہ یہ جنگ ہم اور ہمارے عوام ، قانون نافذ کرنے والے ادارے بہادری کے ساتھ لڑرہے ہیں اور یہ جنگ ہمیں اب جیتنی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صرف درگاہوں کی ہی نہیں بلکہ مندر ، مسجد ، چرچ اور دیگر مقامی مقامات ، اسپتالوں کی سیکیورٹی ڈ ی سیز اور محکمہ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر دیکھیں گے ۔

مزید :

علاقائی -