پاکستان اور سری لنکا کی نظریں ویمنز ورلڈکپ میں جگہ بنانے پر مرکوز

پاکستان اور سری لنکا کی نظریں ویمنز ورلڈکپ میں جگہ بنانے پر مرکوز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کولمبو (نیٹ نیوز) پاکستان اور سری لنکا کی نظریں رواں برس شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جگہ بنانے پر مرکوز ہیں، سری لنکا کی بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے ساتھ ہی دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں جگہ پکی کر لیں گی۔ سری لنکا میں جاری ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پہلے ہی میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دوڑ میں شامل ہیں، پاکستانی ٹیم سپر سکس مرحلے میں تیسرے اور سری لنکن ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے، پاکستانی ٹیم آخری میچ میں روایتی حریف بھارت اور سری لنکن ٹیم بنگلہ دیش کے مدمقابل ہو گی، پاکستان میچ میں کامیابی کی صورت میں میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کر لے گا تاہم اگر پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سری لنکن ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف کامیاب ہوتی ہے تو اس صورت میں بھی پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں میگا ایونٹ میں جگہ بنا لیں گی، البتہ بنگلہ دیش کو ورلڈکپ تک رسائی کیلئے سری لنکا کے خلاف کم از کم 85 رنز یا تیزی سے ہدف حاصل کرنا ہو گا۔ پاکستانی کپتان ثناء میر نے کہا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف شاندار کامیابی سے ہمارا رن ریٹ بڑھا ہے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، اب ہم آخری میچ میں بھارتی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، بھارت کے خلاف میچ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گی، ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی کارکردگی متاثر کن ہے، امید ہے کہ وہ روایتی حریف کے خلاف میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلانے میں کردار ادا کریں گی۔