بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہا ہے :دفتر خارجہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن ،اے این این )ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، افغانستان خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بے تحاشہ دہشت گرد تنظیموں نے اپنی پناہ گاہیں بنا لی ہیں جس کی وجہ سے افغانستان خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے۔ ہم افغان حکومت سے کہتے ہیں کہ اپنی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، افغانستان کے اندر استحکام کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے اور پاکستان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں انڈیا کے کردار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نفیس زکریا کا کہنا تھا اجیت دوول نے 2014 میں یہ بیان دیا تھا کہ وہ پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کو استعمال کریں گے، انڈیا افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ چک ہیگل نے 2011 میں ایک جگہ خطاب کرتے ہوئے یہ بات بڑی تفصیل سے بیان کی تھی کہ کس طرح ہندوستان، افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہم نے ہندوستان کے حوالے سے کئی بار ہر فورم پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہماری شکایت ہے کہ دہشت گرد افغانستان سے آ کر پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں اسی لیے ہم نے اپنے طور پر بارڈرمینجمنٹ کے حوالے سے کافی کام کیا ہے اور ہم افغان حکومت سے یہ کہتے ہیں کہ وہ بھی اس قسم کے اقدامات کرے۔ ہمارا موقف ہے کہ افغانستان ہماری انٹیلی جنس شیئرنگ پر کام کرے لیکن ادھر سے اس قسم کا کام نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے ہمیں بار بار انہیں کہنا پڑتا ہے۔
دفتر خارجہ