لاہور دھماکہ کے سہولت کار کے گھرسے2خودکش جیکٹیں برآمد

لاہور دھماکہ کے سہولت کار کے گھرسے2خودکش جیکٹیں برآمد

  

لاہور (اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے)حساس اداروں اور پولیس نے کارروائی کر تے ہوئے اسمبلی ہال چیئرنگ کراس میں خود کش دھماکہ کرنے والے بمبار کے مبینہ سہولت کار انوار الحق کے گھر سے2 خود کش جیکٹیں برآمد کر لیں ،خودکش بمبار کا سہولت کار اپنی اہلیہ اور4 بچوں کے ہمراہ شادباغ کے علاقہ بھگت پورہ میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا اور خود کش بمبار نے بھی افغانستان سے آنے کے بعد اس گھر میں ایک ماہ رہائش پذیر تھا ۔حساس ادارو ں نے مکان ما لک کوبھی حرا ست میں لے لیا ۔ بتایاگیا ہے کہ حساس اداروں کی طرف سے گرفتار مبینہ سہولت کار انوار الحق کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ باجوڑ ایجنسی تحصیل ماموند کے رہائشی انوار الحق نے 3 ماہ قبل شاد باغ کے علاقہ بھگت پورہ میں 10 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر گھر لیا ،جہاں وہ بیوی اور4 بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود سامان سے ایسا لگتا ہے کہ مبینہ سہولت کا راس رہائشگاہ میں زیادہ دیر تک قیام کرنے کا ارادہ نہیں تھا۔تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چیئرنگ کراس چوک میں دھماکہ کرنے والا خود کش بمبار بھی افغانستان سے آنے کے بعد کچھ روز یہاں رہائش پذیر رہا ۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے مبینہ سہولت کار کی رہائشگاہ کی تلاشی کے دوران 2 خود کش جیکٹس بھی برآمد کر لی ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ا س نے لاہو رمیں مزید دہشتگردی کی کارروائیوں کا منصوبہ بھی بنا رکھا تھا ۔ حساس اداروں نے مالک مکان احمد جان کو بھی حراست میں لے کر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ کے تحت تفتیش شروع کر دی ۔

خودکش جیکٹیں برآمد

مزید :

صفحہ اول -