باہمت اور پر عزم پاکستانی قوم کو بزدل دشمن شکست نہیں دے سکتا :شہباز شریف

باہمت اور پر عزم پاکستانی قوم کو بزدل دشمن شکست نہیں دے سکتا :شہباز شریف

  

 لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو عظیم پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہوگا۔ والدین سے ان کے لخت جگر چھیننے والے قاتل دہشت گردوں کا صفایا کرکے دم لیں گے۔ میں شہداء کے اہل خانہ سے ملا ہوں اور ان کا حوصلہ اور عزم نہایت بلند اور مضبوط ہے۔ زخمیو ں سے ملاقات کے دوران دہشت گردی کی جنگ میں انہیں پہلے سے بھی زیادہ پرعزم پایا ہے۔شہداء کے ورثاء کو تمام رنج کے باوجود جذبہ حب الوطنی سے معمور دیکھا ہے۔وزیراعلیٰ نے آج اپنے بیان میں کہا کہ باہمت اور پرعزم پاکستانی قوم کو بزدل دشمن شکست نہیں دے سکتا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیں اپنی بقا کی خاطر ہر قیمت پر جیتنا ہے اور ہمیں یہ جنگ آخری دہشت گر د کے خاتمے تک مل کر لڑنی ہے۔دہشت گردی کی جنگ میں پاکستانیوں کے بہنے والے خون کے ایک قطرے کو بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے اور آنے والی نسلوں کو پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان دینے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کرسکتیں۔ دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک سرزمین کو پاک کر کے رہیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم ضرور سرخرو ہو گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بھکی او ربلوکی گیس پاور پراجیکٹس پر کام کرنے والی چین کی معروف کمپنی ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کے چیئرمین گوا یو (Mr.Goa Yu)نے ملاقات کی،جس میں بھکی اوربلوکی میں2400میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چےئرمین ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل نے پاکستان کے بعض شہروں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔چیئرمین ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل نے وزیراعلی محمدشہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم دکھ کی گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری تما م تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ سی پیک اورنان سی پیک توانائی منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے ۔بھکی اوربلوکی گیس پاورمنصوبوں کی جلد تکمیل چاہتے ہیں ۔امید ہے کہ بھکی پاورپلانٹ کی سنگل گیس ٹربائن اگلے ماہ کام شروع کردے گی۔گیس پاور منصوبوں کے علاوہ ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جارہا ہے ۔ دنیا میں اتنی پیدواری گنجائش کے منصوبوں کی تکمیل پہلے کبھی اتنی کم مدت میں نہیں ہوئی۔سیکرٹری توانائی، چیف ایگزیکٹو آفیسرنیشنل پاورپارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ،چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم تھرمل پاور لمیٹڈ کمپنی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور خدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے زائد وسائل رکھے ہیں اور اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس جنوبی پنجاب میں مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو بس سروس نے جہاں ملتان شہر کو نئی شناخت دی ہے وہاں جنوبی پنجاب کے عوام کو اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی سفری سہولتیں بھی مہیا کی ہیں۔ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے اضافی وسائل دیئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے وسائل کا ر، کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو صوبے میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ملک ندیم کامران، ایم این اے حمزہ شہباز، سینیٹر سعود مجید، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سابق ایم پی اے سمیع اللہ خان اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -