عوامی خدمت ہی تحریک انصاف کا نصب العین ہے ،فردوس شمیم نقوی

عوامی خدمت ہی تحریک انصاف کا نصب العین ہے ،فردوس شمیم نقوی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ عوامی خدمت ہی تحریک انصاف کا نصب العین ہے۔ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کا مقصدعوام کو ان کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانا ہے۔ چیئرمین عمران خان گزشتہ 20سالوں سے اس ملک میں رائج اس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے کراچی سے لے کر خیبر تک اور چترال سے لے کر بولان تک پاکستان کی مظلوم عوام کو متحد کر رہے ہیں اور پاکستان کو خلفاء راشدین کے دور حکومت کی طرح ویلفیئر اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں تحریک انصاف کراچی ریجن کے سیکریٹری ویلفیئر ادیبہ عارف حسن کی جانب سے غریب خواتین میں مفت سلائی مشنیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر کراچی ریجن کے سینئر نائب صدر سیف الرحمان خان،ثادیہ آغا، دوا خان صابراور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ والے خواب کا پاکستان ہمیں چاہئے۔ جس میں انسانیت، بھائی چارگی ، روا داری اور انصاف پر مبنی معاشرہ چاہئے۔ تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور اس فرسودہ نظام سے پسے ہوئے طبقے کو باہر نکالنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -