چکوال،تہرے قتل کا مرکزی ملزم ضلع کچہری سے گرفتار
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)تہرے قتل کے بڑے ملزم سابق چیئرمین یونین کونسل ڈنڈوت راجہ نور محمد کو ضلع کچہری سے گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ اس مقدمے کے چھٹے مفرور ملزم کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس طرح اس قتل کے تمام چھ ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ راجہ نور محمد نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال میاں نصیر احمد کی عدالت سے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کروا رکھی تھی۔ ابتدائی ایف آئی آر میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ کا اندراج نہ تھا جو بعد میں لگائی گئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیونکہ اضافی دفعہ لگ چکی ہے لہٰذاملزم کو ضمانت کیلئے انسداد دہشتگردی کی عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔ ملزم کی طرف سے پیروی سابق جسٹس چوہدری محمود اختر نے کی جبکہ مدعی فریق کی طرف سے سینئر قانون دان چوہدری افراسیاب پیش ہوئے۔