افغانستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں 54رنز سے شکست دیدی
ہرارے (ڈیلی پاکستان آن لائن)افغانستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں 54رنز سے شکست دیدی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کی پوری ٹیم افغانستان کی جانب سے دیئے گئے 239رنز کے ہدف کے تعاقب میں 43ویں اوور کی پہلی گیند پر 184رنز بنا کر پولین لوٹ گئی جس میں سولومن مائر 54رنز کے ساتھ سرفہرست رہے ،کریگ اروین 34رنز اور ریان 27رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کامیابی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔افغانستان کی جانب سے محمد نبی اور راشد خان نے تین تین کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ گلبدین نیب نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔عامر حمزہ نے بھی دو بلے بازوں کو پولین پہنچایا اور ٹیم کو جیت دلائی ۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا جوکہ درست ثابت ہوا اور زمبابوے کی ٹیم کو مقرررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 238رنز بنائے جس میں محمد شہزاد نے 64رنز کی انتہائی شاندار اننگ کھیلی ۔۔ افغانستان کی جانب سے نور علی زدران نے 14، رحمت شاہ نے 53، اصغر ستنکزئی نے 6، محمد نبی نے 33، نجیب اللہ زدران نے 45، گلبدین نیب نے 5، راشد خان نے 3، داولت زدران نے 1 اور حشمت اللہ شاہدی نے 2 رنز بنائے جبکہ عامر حمزہ بغیر کوئی سکور بنائے آوٹ ہوئے۔
زمبابوے کی جانب سے تیندائی چیتارا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ رچرڈ اینگراوا اور گریم کریمر نے 2,2، اور کرس موفو نے ایک وکٹ حاصل کی۔