کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 9رنز سے شکست دیدی

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 9رنز سے شکست دیدی
کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 9رنز سے شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

شارجہ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو انتہائی سنسنی خیز مرحلے کے بعد 9رنز سے شکست دیدی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے 175رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم آخری اوورکی پانچویں گیند پر 165رنز بنا کر پولین لوٹ گئی ۔ پشاور زلمی ہدف کے تعاقب میں مشکل کا شکار تھی لیکن آفریدی نے میدان میں اترتے ہی چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی جبکہ اس میں ڈیرن سیمی نے بھی بھرپور ساتھ دیا لیکن آفریدی کے دھواں دھار بیٹنگ بھیزلمی کو جیت سے آشنا نہ کروا سکے ۔پشاور زلمی کو جیت کیلئے 4گیندوں پر 16رنز درکار تھے اور آفریدی نے چھکا مارنے کیلئے شاٹ کھیلی لیکن وہ 54رنز پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔جبکہ ڈیرن سیمی نے 34رنز کی اننگ کھیلی ۔
پشاور زلمی کی جانب سے 175رنز کے ہدف کے تعاقب میں تمیم اقبال اور کامران اکمل نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آئے دونوں کھلاڑی خاطرخواہ بلے بازی کا مظاہرہ نہ کر سکے ،تمیم اقبال 16اور کامران اکمل 14رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ۔ان کے بعد آنے والے افتخار احمد بھی صرف ایک ہی سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔آئن مورگن بھی کچھ نہ کر سکے اور صرف تین رن بنا کر پولین لوٹ گئے ۔شعیب مقصود بھی 5رن بنا کر آوٹ ہو گئے ۔شکیب الحسن 18رنز بنا کر عثمان خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے مقررہ20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر174رنز بنائے جس میں شعیب ملک نے انتہائی شاندار بلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے 51رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ،بابر اعظم 46رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے،بوپارہ 30رنز کے ساتھ تیسرے اور سنگا کارا 28رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے ۔پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد نے دو،شکیب الحسن اور عمران خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔