جنرل بپن راوت کی دھمکیوں پر بھارت کو دہشتگرد ملک قرار دیا جائے، حنا ربانی کھر

جنرل بپن راوت کی دھمکیوں پر بھارت کو دہشتگرد ملک قرار دیا جائے، حنا ربانی کھر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما وسابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ جنرل بپن راوت کی دھمکیوں پر بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دینا چاہیے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی خارجہ پالیسی تباہ کن ہے ٗپاکستان کی سب سے بڑی غلطی سوویت یونین کی جنگ کے دوران تربیت یافتہ جنگجو فراہم کرنے کی حامی بھرنا تھا ۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی مدت مکمل کی تو تمام چیزیں اس نئی حکومت کو پلیٹ میں رکھ کر فراہم کی گئیں جو ایک علاقائی محور ہے اور ہماری جماعت کی اس حوالے سے یہ روایت بھی رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے پانچ سال میں علاقائی تعاون کو بڑھایا کیونکہ اس کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں ہے اور پڑوسی ممالک جن میں افغانستان، ایران اور بھارت سرفہرست ہیں ٗان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کیے گئے اور یہی وہ چیز ہے جس سے ایک ملک اپنی خارجہ پالیسی کو درست سمت کی جانب لے کر جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو چاہیے کہ دنیا کو بتائے کہ ہم امن چاہتے ہیں اور بھارت کس طرح ہماری اس خواہش کو کمزوری سمجھ رہا ہے اور یہی اچھا موقع تھا جیسے ہم نے گنوا دیا۔حنا ربانی کھر نے موجودہ صورتحال میں بھارت اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں جاری کشیدگی کی وجہ بھی حکومت کو قرار دیا اور کہا کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ خارجہ پالیسی حکومت نہیں بلکہ فوج بناتی ہے تو کچھ حد تک تو ایک اہم ادارے کے طور پر اس کا کردار ہوسکتا ہے لیکن اگر حکومت اس کی ذمہ دار نہیں تو انہیں استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ افغانستان اس وقت پاکستان کے لیے بھارت، امریکا اور خطے کے دیگر ممالک سے سے بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
حنا ربانی کھر