یورپ تارکین وطن کے معاملے پر یکجہتی دکھائے:جرمن چانسلر
برلن(این این آئی)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے یورپی یونین کے رکن ممالک سے بلاک میں سیاسی پناہ کے مشترکہ ضوابط بنانے کے حوالے سے پیش رفت کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ا نہوں نے یورپی یونین کے ارکان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یونین کی ایسی رکن ریاستوں کو جو بلاک سے مالی تعاون کی امید رکھتی ہیں، مہاجرین اور تارکین وطن کے معاملے پر بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ چانسلر میرکل نے یونین کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ یورپی یونین کی سطح پر پناہ کے مشترکہ قوانین بنانے کے لیے پیش رفت کریں۔انہوں نے کہاکہ یکجہتی ایک طرفہ ٹریفک نہیں ہے، یونین کے اجتماعی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئی رکن ممالک کی معیشت بہتر بنانے کے لیے انہیں ان کے حصے سے زیادہ رقم دی جاتی ہے، اسی طرح انہیں مہاجرین کے معاملے پر بھی اجتماعی مفاد پیش نظر رکھنا چاہیے۔