اراضی کی خرید وفروخت آٹو میٹڈ نظام پر منتقل کرنا زیر غور ہے
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ رہائشی مکانات اوراراضیات کے خریدوفروخت کی روایتی طریقہ کار کو Automated نظام پر منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جس کا مقصد شہریوں کو انتقالات اور اراضیات کی خریدوفروخت میں آسانیاں پیدا کرنا اوراس نظام کو شفاف بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں سٹامپ پیپر ز کی ڑیجیٹلائزیشن کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ سائنس و ٹکنالوجی کے چیف پلاننگ آفیسر ڈاکٹر باسط نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کو سٹامپ پیپرز کے ذریعے تحریری معاہدات کے طریقہ کار کو خودکار نظام کے ذریعے ای سٹامپ پیپرنگ پر منتقل کرنے کے حوالے سے مجوزہ منصوبے کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ تحریری معاہدات Deeds کے طریقہ کار کو روایتی نظام سے ڈیجیٹلائز طریقے پر ڈالنے سے شہری ایک آسان سسٹم کے تحت اراضیات، پراپرٹی اور رہائشی مکانات کے انتقالات اور ایگریمنٹس کرسکیں گے جو کسی بھی ابہام سے مبرا ڈیجیٹل نظام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ روایتی طریقہ کار میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ای اسٹامپ پیپرزکے نظام سے ممکن ہو سکے گا اور اس طریقہ کار کو مرحلہ وار اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے اوراس حوالے سے تمام متعلقہ محکمہ جات سے مل بیٹھ کر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔