عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب کن جرائم میں قید پاکستانیوں کو رہا کرے گا؟تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ولی عہد محمد بن سلمان کے احکامات کے بعد سعودی عرب کی جیلوں میں قید سے رہائی پانے والے پاکستانیوں میں زیادہ تر کفالہ نظام اور معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے والے قیدی ہوں گے ۔
سعودی عر ب کے ولی عہد محمد بن سلمان کامیاب دورہ مکمل کر کے ملائیشیاءپہنچ گئے ہیں تاہم اتوار کی شب وزیراعظم ہاﺅس میں محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس دوران عمران خان نے ولی عہد سے درخواست کی کہ وہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں جسے انہوں نے فوری قبول کرتے ہوئے 2107 قیدوں کو فوری رہاکرنے کا حکم جاری کیا ۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے حکم کے بعد پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے شاہی فرمان جاری کر دیا گیا ہے اور دفتر خارجہ نے رہائی کیلئے اقدامات بھی شروع کر دیئے ہیں ۔جیونیوز نے دفتر خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ وزارت خارجہ نے سعودی عرب میں سفارتخانے اور قونصل خان کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ پاکستانی قیدیوں کی فوری طور پر فہرست تیار کریں ۔
دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہناہے کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں پر زیادہ تر کفالہ نظام اور معاہدوں کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمات ہیں اور فہرستوں میں کفالہ ، معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے والے قیدی ہوں گے ۔