معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی کی ہلاکت، پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کاڈاکٹر فواد ممتاز کی گرفتاری کیلئے چھاپہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی کے گردے ٹرانسپلانٹ کرنے کے معاملے پر پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے ڈاکٹر فواد ممتاز کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پر چھاپہ ماراتاہم گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
واضح رہے کہ معروف کامیڈین عمر شریف کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ 34سالہ حرا عمر کی موت گردوں کے آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ہوئی۔ان کاکہنا تھا کہ حرا شریف گردوں کے مرض میں مبتلا تھیں ، ان کے گردے کی پیوندکاری کے لیے آزاد کشمیر کے ڈاکٹر سے 34 لاکھ روپے میں معاملہ طے پایا اور وہ 3 ہفتے تک وہ نجی کلینک میں زیر علاج رہیں۔حرا کے بھائی جواد عمر نے ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کو درخواست دے دی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی بہن 2017 سے ڈائیلاسسز کروا رہی تھی، کسی ایجنٹ کے ذریعے ہم ڈاکٹر فواد ممتاز تک پہنچے جن کی غفلت سے حرا کا انتقال ہوگیا۔اہلخانہ نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں حرا کی طبیعت بہتر نہ ہونے پر 5 روز قبل لاہور کے نجی ہسپتال لایا گیا جہاں وہ 5 روز تک زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی کے گردے ٹرانسپلانٹ کرنے کے معاملے پر پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے ڈاکٹر فواد ممتاز کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا،اتھارٹی اور ایف آئی اے نے نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی میں مشترکہ کارروائی کی ،ڈاکٹر فواد ممتاز نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی میں اپنے گھر سے غائب ہیں ،ڈاکٹر فواد ممتاز کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے ،ڈاکٹر فواد ممتاز غیرقانونی پیوندکاری کے سرگرم ملزم ہے ،ڈاکٹر فوادممتاز غیرملکیوں کی غیرقانونی پیوندکاری کے متعدد کیسز میں مطلوب ہیں ۔