لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کون ہوں گے ؟ نام سامنے آ گیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک )سرکاری بنچوں کی جانب سے کچھ مخالفت کے بعد ججوں کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی نے منگل کو بالآخر جسٹس محمد قاسم خان کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنانے کے لئے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارش کی منظوری دے دی ہے۔ جسٹس سیّد مظہر علی نقوی جسٹس قاسم خان کی ترقی کے بعد سینئر ترین جج کی حیثیت سے سپریم کورٹ چلے جائیں گے۔
جنگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ میں خالی جگہ جسٹس نقوی پوری کریں گے۔ یہ اتفاق ہے کہ جسٹس ثاقب نثار کے ساتھ جسٹس آصف سعید کھوسہ کو 2010ء میں سپریم کورٹ میں ترقی دی گئی تھی۔ جب اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری اس وقت پیپلزپارٹی حکومت کی مخالفت کے باوجود جسٹس محمد شریف کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ برقرار رکھنا چاہتے تھے۔
اجلاس سے واقف ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ نے ابتدا میں نامزدگی کے خلاف مزاحمت کی۔ ان کا موقف تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کو اس معاملے میں احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ تاہم کارروائی کے دوران اپوزیشن ارکان حاوی آ گئے جس کا نتیجہ جوڈیشیل کونسل کی طرف سے سفارش کی توثیق کی صورت نکلا۔
اجلاس میں حکومتی ارکان چاہتے تھے کہ جسٹس قاسم خان کو پہلے انٹرویو کے لئے طلب کیا جائے لیکن اپوزیشن نے اس تجویز کی مخالفت کی۔ اس کا موقف تھا کہ یہ قدم نئے ججوں کی تقرری کے وقت ا±ٹھایا جاتا ہے۔ اوّل یہ مشق گزشتہ دسمبر میں ہوئی جب کمیٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کی خالی جگہوں پر جوڈیشیل کونسل کے سفارش کردہ تین ناموں کی منظوری دینا تھی۔ جو تمام کی تمام دے دی گئی۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کی تقرری پر سرکاری ارکان کا ایک اعتراض یہ بھی تھا کہ آئی ایس آئی نے ان کے بارے میں رپورٹ نہیں دی۔ اپوزیشن نے یہ اعتراض مسترد کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ رپورٹ نہ دینے کا یہ مطلب نہیں کہ جسٹس قاسم خان نااہل ہوگئے۔
اپوزیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایجنسی اس معاملے میں غور و خوض سے پہلے ہی آگاہ تھی۔ اگر کوئی اعتراض ہوتا تو وہ پہلے ہی نشاندہی کر دیتی۔ لہٰذا اعتراض کا نہ ہونا این او سی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان جو ججوں کی تقرری پر کمیٹی کے سربراہ ہیں۔