صدر عارف علوی سبی میلے کا افتتاح کرنے پہنچے تو وہاں کس کی تصاویر لگی تھیں؟
سبی(ڈیلی پاکستان آن لائن)جلد بازی یا کوئی خاص پیغام؟ صدر مملکت عارف علوی میلہ کے افتتاح کیلئے سبی پہنچے تو انکشاف ہوا کہ جس میلے کا افتتاح کرنے کیلئے وہ وہاں پہنچے ہیں اس کے دعوت ناموں پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی تصاویر لگی ہوئی تھیں۔ نہ صرف نواز شریف کی تصاویر لگی تھیں بلکہ ان کے نام کے ساتھ وزیراعظم بھی لکھا ہوا تھا۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے انتہائی جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارڈ تقسیم کردیئے لیکن ان کو چیک کرنا بھی گوارا نہ کیا۔ تاحال حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی ایک روزہ دورے پرآج کوئٹہ پہنچے جہاں گورنرامان اللہ خان یاسین زئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ان کا استقبال کیا۔کوئٹہ میں کچھ دیر قیام کے بعد صدر مملکت بذریعہ ہیلی کاپٹر سبی روانہ ہوئے تھے تاکہ وہاں وہ تاریخی سبی میلہ کا افتتاح کرسکیں۔
یاد رہے کہ سبی میلہ کا انعقاد پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے سبی شہر میں ہر سال منایا جاتا ہے۔سالانہ سبی میلہ کاآغاز جنوری 1885ءمیں ہوا تھا۔سبی میلہ کا مقصد جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے منڈی بنانا تھا اس لئے اسے سبی میلہ مویشیاں و اسپاں بھی کہا جاتاہے۔ میلہ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد ہوتا ہے۔ آتش بازی میوزیکل اور کلچرل شو منعقد کیے جاتے ہیں۔