”ہمیں اپنے بچے واپس چاہئیں “چین میں پھنسے طلبا کے والدین کا مطالبہ ،مشیر صحت اور زلفی بخاری کو گھیر لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے والدین نے بریفنگ لینے سے انکارکردیااورمطالبہ کیا ہے کہ ہمیں اپنے بچے واپس چاہئیں ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق معاون خصوصی صحت ظفرمرزااورزلفی بخاری چینی شہر ووہان میں کرونا وائرس کی وجہ سے پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین کو بریفنگ دی گئی،معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورتحال بہت گھمبیر ہو چکی ہے ،ابتک پتاہی نہیں چلا کہ یہ وائرس کیا ہے ،ان کا کہناتھا کہ بچوں کی مشکلات کو حل کرناچاہتے ہیں ،چین میں رہنے والے پاکستانی محفوظ ہاتھوں میں ہیں ،سفارتخانے سے دو افراد کو ووہان جانے کی اجازت ملی ہے ۔
مشیر صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کا کہناتھا کہ پاکستانی طلبہ کی واپسی سے متعلق ابھی حکومت پاکستان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا،چین سے طلبہ کو پاکستان لانے کے نقصانات زیادہ ہیں ۔
پاکستانی طلبہ کے والدین نے بریفنگ کے دوران احتجاج شروع کردیا ،مظاہرین نے معاونین خصوصی صحت ظفرمرزااورزلفی بخاری کو گھیر لیا،پولیس پاکستانی طلبہ کے والدین کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتی رہی۔
بچوں کے والدین کاکہناتھا کہ اگرہمارے بچوں کو واپس نہیں لا سکتے تو یہاں بلا کر ہماراوقت کیوں ضائع کررہے ہیں،”ہمیں اپنے بچے واپس چاہئیں “۔