’عالمی پیغام اسلام کانفرنس‘کب ہوگی اور عالم اسلام کی کون سی اہم ترین شخصیات شرکت کے لئے پاکستان آئیں گی؟ تفصیلات جانئے

’عالمی پیغام اسلام کانفرنس‘کب ہوگی اور عالم اسلام کی کون سی اہم ترین شخصیات ...
’عالمی پیغام اسلام کانفرنس‘کب ہوگی اور عالم اسلام کی کون سی اہم ترین شخصیات شرکت کے لئے پاکستان آئیں گی؟ تفصیلات جانئے

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان علما کونسل کا یوم تاسیس 20 سے 29 فروری تک منایا جائے گا، 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی، ملک بھر کے علما و مشائخ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے عوام الناس سے پولیو مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہیں، پاکستان علما کونسل و دارالافتا پاکستان، وفاق المساجد و المدارس پاکستان سمیت دنیا بھر کے اہم اکابر، علما و مشائخ پولیو کے قطروں کو صحت کیلئے ضروری قرار دیتے ہیں، پولیو کے قطروں میں کوئی حرام یا غیر شرعی اجزا شامل نہیں ہیں، پاکستان علما کونسل کی اپیل پر 21 فروری کو ملک بھر میں خطبات جمع المبارک میں پولیو کے خاتمے کیلئے عوام الناس سے تعاون کی اپیل کریں گے۔

یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد والمدارس پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مولانا نعمان حاشر، مولانا ابو بکر صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان،مولانا قاسم قاسمی اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا عالمی سطح پر موقف تسلیم کیا جا رہا ہے، عالمی دنیا اور امت مسلمہ مسئلہ کشمیر و فلسطین پر اسرائیل، بھارت اور امریکہ کا موقف مسترد کر چکی ہے، کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کے حقوق مل کر رہیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کا یوم تاسیس 20 سے 29 فروری تک ملک بھر میں منایا جائے گا۔ یکم مارچ کو گوجرانوالہ اور 10 مارچ کو لاہور میں نظام خلافت راشدہؓ کانفرنسیں ہوں گی، 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی جس میں قاضی القضا فلسطین اور دنیا اسلام کی اہم شخصیات شریک ہوں گی۔

حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے، پولیو کے قطرے ہر بچے کو پلانے چاہئیں، دنیا اسلام کے اہم ترین مفتیان، علما و مشائخ فتوی دے چکے ہیں کہ پولیو کے قطروں میں کوئی غیر شرعی اور حرام چیز نہیں ہے جو ماں باپ پولیو کے قطرے اپنے بچوں کو نہیں پلاتے وہ ان کے اپاہج ہونے کے ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 21 فروری کو ملک بھر میں خطبات جمع المبارک میں خطبا، علما و مشائخ عوام الناس سے پولیو کی مہم میں شریک ہونے کی اپیل کریں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیو کے مریضوں اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور پولیو ورکرز پر حملے وزارت صحت کے ذمہ داران کی نا اہلی اور ناکامی کی دلیل ہے، وفاقی مشیر صحت کی نالائقی کی وجہ سے پولیو کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے، وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی مشیر صحت کو ہٹا کر کسی ذمہ دار اور انسان دوست شخصیت کو صحت کے حوالے سے ذمہ داریاں سونپی جائیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت پوری دنیا کیلئے اہمیت اختیار کر چکا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان اور کشمیر و فلسطین پر ان کا موقف ہر امن پسند انسان کی خواہش ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ترین ملک ہے، پاکستان کی حیثیت کوئی قوت ختم نہیں کر سکتی، عرب اسلامی ممالک ہمارے دوست ہیں اور سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے، اسے کوئی کمزور نہیں کر سکتا،کسی بھی شخصیت کے دورہ پاکستان سے کسی دوسرے ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہو سکتے۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے خلاف نہیں غیر قانونی افراد کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے اور اس سلسلہ میں پاکستانی سفارت خانہ اور سعودی عرب کے ذمہ داران کے درمیان رابطے موجود ہیں، بے بنیاد پراپوگنڈے کے ذریعے پاک سعودی عرب تعلقات کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہا کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن پاکستان کے تمام مکاتب فکر علما و مشائخ باہمی اتحاد سے ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور