”برطانیہ کا ویزا صرف ان لوگوں کو دیا جائے گا جو کہ ۔۔۔“انگلینڈ جانے کے خواہشمندوں کیلئے اہم ترین خبر آ گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ یورپی یونین سے نکل گیا ہے۔ اس کے برطانیہ اور برطانوی شہریوں پر تو جو اثرات مرتب ہوں گے مگر اس سے روزگار کے لیے برطانیہ جانے کے خواہش مند غیرملکیوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل نے واضح کر دیا ہے کہ 31دسمبر کو یورپی شہریوں کی بغیرویزہ برطانیہ آمد بند ہو جائے گی۔ اس کے بعد غیرہنرمند اور نیم ہنرمند غیرملکیوں کو ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ “پریتی پٹیل کا کہنا تھا کہ ”ہم برطانیہ میں کاروباروی اداروں کو ترغیب دے رہے ہیں کہ برطانیہ میں یورپی باشندوں کی فری آمدورفت بند ہونے کے بعد وہ برطانیہ میں موجود بے روزگار لوگوں کو روزگار دیں اور بیرون ملک سے صرف مخصوص ہنرمند لوگوں کو ریکروٹ کریں۔ “
پریتی پٹیل کا کہنا تھا کہ ”ہم ایک ایسا امیگریشن سسٹم لا رہے ہیں جس کا انحصار پوائنٹس پر ہو گا۔ اس سسٹم کے تحت ان غیرملکیوں کو برطانیہ میں ورک ویزہ دیا جائے گا جو 70پوائنٹس حاصل کریں گے۔ اگر کوئی شخص انگریزی بول سکتا ہے، وہ ہنرمند ہے اور اسے برطانیہ سے منظور شدہ سپانسر کی طرف سے نوکری کی پیشکش ہوتی ہے تو اسے 50پوائنٹس ملیں گے۔ مزید پوائنٹس کا انحصار اس کی تعلیم، برطانیہ میں آفر کی گئی ملازمت کی تنخواہ اور جس شعبے میں ملازمت آفر کی گئی ہے اس میں افرادی قوت کی کمی و بیشی پر ہو گا۔ان اضافی معیارات پر پورا اتر کو جو شخص 70پوائنٹس حاصل کر لے گا اسے ویزہ جاری کر دیا جائے گا۔اس سسٹم کے تحت برطانوی ویزے کے قوانین یورپ اور دیگر دنیا کے لیے یکساں ہوں گے۔“