تھر کوئلے پر سب سے پہلے کس نے کام شروع کیا؟وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بڑا دعویٰ کر دیا

تھر کوئلے پر سب سے پہلے کس نے کام شروع کیا؟وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ...
تھر کوئلے پر سب سے پہلے کس نے کام شروع کیا؟وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بڑا دعویٰ کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے پر سب سے پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کام شروع کیا تھا،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہانگ کانگ کی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا تا کہ مائننگ کر کے پاور پلانٹ لگا سکیں، لیکن ان کے بعد والی حکومت نے وہ معاہدہ ختم کر دیا اور ملک لوڈشیڈنگ کی نظر ہو گیا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نےکہا کہ صوبائی حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تھر میں مائننگ کی اور سی پیک کے تحت 660 میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگایا، یہ ملک کی سب سے بڑی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ تھی اور ہے، سندھ 60 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، تھر میں 88 بلین ٹن کے کوئلے کے ذخائر ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں ونڈ انرجی کے ذریعے 50000 میگاواٹ پوٹیشنل ہے اور اس وقت ہم 1100 میگا واٹ ونڈ انرجی کی پیداوار کر رہے ہیں،ہمارا پی پی پی یونٹ ایشیا میں چھٹے نمبر پر بیسٹ یونٹ ہے، دریائے سندھ پر سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے 2 پل بنائے ہیں۔ انہوں نے وفاق حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وفاق سے جناح ہسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ سندھ کو منتقل ہوئے تو ان کا بجٹ 700 ملین روپے تھا اور ہمارا بجٹ ان ہسپتالوں کے لیے 13 بلین روپے ہے،سندھ حکومت نے شعبہ صحت، روڈسیکٹر، تھر میں آر او پلانٹس، کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن جیسے اہم اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا صو بہ سندھ سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ سندھ باب الاسلام ہے اور صوفیا کرام کی سرزمین ہے، سندھ فطری طور پر صوفیا اکرام کی وجہ سے پرامن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کوئی دہشت گرد نہیں نکلا لیکن دہشت گرد یہاں لائے جاتے ہیں، ایک وقت تھا پورا ملک قتل و غارت ہو گیا تھا، ہر طرف افرا تفری،بم دھماکے، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کے واقعات جاری تھے،پھر حکومت نے فیصلہ کیا کہ ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے، پاک آرمی نے ضربِ عضب آپریشن شروع کیا، پاکستان کی عوام کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی اور ان کو ختم کیا،آج پورا ملک خاص طور پر سندھ پرامن ہے۔