سٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی شدید مندی، سرمایہ کاروں کو 75ارب 98کروڑ کا نقصان 

سٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی شدید مندی، سرمایہ کاروں کو 75ارب 98کروڑ کا نقصان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کو ترجیع دی گئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس625.40پوائنٹس کی کمی سے 46142.74 پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ 60.67 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 75 ارب 98کروڑ27لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 17.64فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں تیزی کے رجحان کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس 46817پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباوٗ بڑھنے کے سبب مندی چھاگئی اور انڈیکس 46120پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا مندی کا رجحان آخر تک برقرار رہا اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس625.40پوائنٹس کی کمی سے46142.74پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس344.28پوائنٹس کی کمی سے 19216.31پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 288.86پوائنٹس کی کمی سے 31759.82پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔گذشتہ روز مجموعی طور پر 412کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جن میں 140کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 250میں کمی اور 22میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ83کھرب68ارب94کروڑ16لاکھ روپے سے گھٹ کر82کھرب92ارب95کروڑ89لاکھ روپے ہو گیا۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے سیپ ہائر ٹیکس کے حصص66.75روپے کے اضافے سے 956.86روپے اورباٹا پاک58روپے کے اضافے سے 1838روپے ہوگئی جب کہ نیسلے پاکستان کے حصص78.45روپے کی کمی سے 6121.55روپے اورمری پٹرولیم 33.06روپے کی کمی سے 1595.37روپے ہوگئی۔انٹر بینک میں جمعرات کو امریکی ڈالر مزید35پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 20پیسے سستا ہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید35پیسے کی کمی سے159.20روپے سے گھٹ کر158.85روپے اور قیمت فروخت30پیسے کی کمی سے159.30روپے سے گھٹ کر159روپے ہو گئی اسی طرح20پیسے کی کمی سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید159.20روپے سے گھٹ کر159روپے اور قیمت فروخت159.40روپے سے گھٹ کر159.20روپے ہوگئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قدر میں 40پیسے  کی کمی ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید 191روپے سے گھٹ کر190.60روپے اور قیمت فروخت193روپے سے گھٹ کر192.60روپے پر آ گئی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید219.50روپے سے بڑھ کر220روپے اور قیمت فروخت221.50روپے سے بڑھ کر222روپے ہو گئی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت100روپے کی کمی سے ایک لاکھ 10ہزار200روپے ہوگئی۔صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 4ڈالر کی کمی سے1785ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ قیمت100روپے کی کمی سے1لاکھ 10ہزار200روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 86روپے کی کمی سے94ہزار478روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1380روپے مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ