پاکستان کی خبر پر ایکشن: صفائی کی ناقص صورتحال پر ایل ڈبلیو ایم سی کا جنرل مینیجر آپر یشن معطل
لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین ملک امجد نون نئے شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال کے ذمہ دار ایک وزیر کی سفارش پر لگائے گئے میٹرک پاس جنرل مینجر آپریشن خواجہ نصیر کو معطل کر دیا، واضح رہے کہ روزنامہ پاکستان نے شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال کے حوالے سے تفصیلی خبریں شائع کی جس پر وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے سخت نوٹس لیا، وزیر اعلی کی ہدایت پر چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے فوری ایکشن لیا اور جنرل منیجر آپریشن کو عہدے سے فارغ کر دیا ہے اس حوالے سے چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک امجد علی نون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ کمپنی کسی صورت بکیے،جواری،شرط باز نہیں چلا سکتے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی شہر میں بہترین صفائی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ادارے کی جانب سے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر میں تین شفٹوں میں صفائی آپریشن جاری ہے۔ مزید براں وزیر اعلی پنجاب کو شہر میں صفائی کے موجودہ حالات اور ادارے کے انتظامی معاملات سے آگاہ کر نے کے لیے گزشتہ دو تین روز سے ملنے کی کوشش کر رہا ہوں مگر ان کے دفتر کا عملہ ان سے ملاقات نہیں ہونے دے رہا۔ اس ملاقات کامقصدوزیر اعلی پنجاب کو سی ایم سیکرٹریٹ کے پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے 15فروری کو موصول ہونے والے خط پر تحفظات کا اظہار اور سی ایم سیکرٹریٹ کا ایل ڈبلیو ایم سی صفائی مہم کی نگرانی کے لیے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کو مختص کرنے کے حوالے سے بریفنگ دینا تھا۔چیئرمین ملک امجد علی نون نے مزید کہا کہ یہ بھی خفیہ رائے سے اطلاعات ملیں کہ ایک وزیر کی طرف سے غیر قانونی طور پر تعینات کیے گئے جنرل منیجر آپریشن نے جان بوجھ کر لاہور میں صفائی کا نظام خراب کیا۔