ملک میں حقیقی احتساب ہوا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا:سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اور نظام دونوں ناکام ہوگئے، ڈلیور نہیں کرسکے۔ ملک میں گڈ گورننس کا نام نشان تک نہیں۔ حکومت مافیاز کے ہاتھوں مکمل یرغمال بنی ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم اپنے اپنے مفادات کی اسیر ہیں، دنوں کی لڑائی عوام کے لیے نہیں۔ ارب پتیوں کو سینیٹ ٹکٹ تقسیم کردیے گئے، ورکرز کا کوئی پرسان حال نہیں۔ الیکشن کمیشن وزیراعظم کے سینیٹ الیکشن کی نگرانی سے متعلق دیے گئے بیان کا نوٹس لے اور ان سے وضاحت طلب کرے۔گمشدہ افراد کی مائیں بہنیں پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھی ہیں ان کی آہوں کو نہ سنا گیا اور ظلم بند نہ ہوا تو عوام حکمرانوں کا گریبان پکڑیں گے۔ ملک میں حقیقی احتساب ہوا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔ پہلے سالانہ بجٹ آتاتھا اب روزانہ آتاہے۔ سٹیٹس کو، جاگیرداری اور سودی نظام ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو وٹ دیے وہ پچھتا رہے ہیں۔ قوم سے اپیل کرتاہوں کہ سرمایہ داروں کے چنگل سے نکلنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ 26 فروری کو بہاولپور میں عظیم الشان جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق جو گزشتہ روز سندھ کے مختصر دورہ سے واپس آئے ہیں، کا کہنا تھاکہ اندرون سندھ کے گوٹھوں جھونپڑیوں میں غربت ناچ رہی ہے۔ لاکھوں لوگ ایک وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔ وڈیرا رنگیلے پلنگ پر بیٹھتا ہے اور اس کا ووٹر زمین پر بیٹھا ہوتاہے۔ کراچی کی حالت زار نا قابل بیان ہے۔ پی پی اور پی ٹی آئی نے کراچی کے لاکھوں باسیوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔
سراج الحق