ملک میں روایتی کھیلوں کے فروغ کی ضرورت ہے: صدر مملکت 

  ملک میں روایتی کھیلوں کے فروغ کی ضرورت ہے: صدر مملکت 

  

 اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی سے کبڈی ورلڈ کپ  2020ء کی فاتح قومی ٹیم نے ملاقات کی ہے۔ صدر مملکت نے قومی ٹیم کو کبڈی ورلڈ کپ 2020ء جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر صدر کا کہناتھاکہ عالمی مقابلوں میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کوبہتر کوچنگ اور سہولیات دینے کی ضرورت ہے۔ قوم کو کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے کبڈی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقبول بنانے کیلئے جدید ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے پر قومی کبڈی ٹیم کی تعریف کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران بھی شر یک تھے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ قومی کبڈی ٹیم کے کپتان محمد عرفان کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت آرٹسٹ ویلفئیر فنڈ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا گیارہواں اجلاس منعقد ہوا۔ فنکاروں کو درپیش مسائل کے جلد حل کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیاد وں پر ہونا چاہیے،صدر عارف علوی کا کہناتھاکہ فنکاروں کی بہبود اور بروقت مالی امداد کیلئے رقوم کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مالی اور صحت کے مسائل کا شکار فنکارامدادکے مستحق ہیں۔صدر مملکت نے کہا فنکارملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

صدر مملکت  

مزید :

صفحہ آخر -