محکمہ بلدیات سندھ نے تبادلوں وتقرریوں کا سخت نوٹس لے لیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ بلدیات سندھ نے تبادلوں وتقرریوں کا سخت نوٹس لے لیاہے،6نومبر 2020 کو تبادلوں وتقرریوں پر پابندی عائد کی گئی تھی مگر یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے خاص طور پر لوکل کونسل کے تبادلوں تقرریوں پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔لوکل کونسل کے افسران وملازمین کے معاملات کیلئے سیکشن موجود ہے۔ایس سی یوجی سروسز کے حوالے سے چار برانچز کام کر رہی ہیں۔محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے میں محکمہ بلدیات کے افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ ایس سی یوجی سروسز کے معاملات سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔لوکل کونسلز، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور لوکل کونسل کے ڈائریکٹوریٹس کی ٹرانسفر پوسٹنگ سمیت دیگر امور کیلئے سیکشنز اور ونگز موجود ہیں۔ان سیکشنز اور ونگز کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ معاملات دیکھیں۔سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ کو پہلی مرتبہ محکمہ بلدیات سندھ نے حدود کا پابند کیا ہے۔سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ گزشتہ کئی ماہ سے لوکل کونسل کے افسران وملازمین کے معاملات کو بھی دیکھ رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں سیکریٹری بلدیات کے ماتحت سیکشن افسر موجود ہیں۔مذکورہ احکامات کے اجرا کے بعد لوکل کونسل ملازمین مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔ملازمین نے کہاکہ سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ نے محکمہ بلدیات کو تقریبا قبضے میں لے لیا تھا۔شہری وبلدیاتی اداروں کے ملازمین کے احکامات جاری کرنے میں وہ قانونی تقاضے پورا نہیں کر رہا تھا۔محکمہ بلدیات سندھ نے سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ سمیت دیگر کو اپنی حدود کا تعین بتایا ہے