شاہ محمود قریشی کی سیکرٹری جنر ل عرب لیگ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفتگو 

شاہ محمود قریشی کی سیکرٹری جنر ل عرب لیگ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے معاملات ...

  

 قاہرہ (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل عرب لیگ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، اہم عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی قاہرہ میں عرب لیگ ہیڈکوارٹر پہنچے تو عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا اور انہیں عرب لیگ ہیڈکوارٹر آمد پر خوش آمدید کہا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل عرب لیگ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، اہم عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، عرب لیگ کے ممبر ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یکساں مذہبی، تہذیبی اقدار کے ناطے عرب لیگ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط سیاسی، تجارتی،باہمی روابط ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہاکہ پاکستانی تارکین وطن کی کثیر تعداد عرب ممالک میں مقیم ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے مراسم عرب لیگ کے ساتھ خصوصی تعلق کا مظہر ہیں۔پاکستان اور عرب لیگ کے مابین مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے اس فریم ورک کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا،دونوں شخصیات کے مابین اس حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل عرب لیگ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے ثمرات سے آگاہ کیا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے بہت سے امکانات موجود ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قاہرہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کی،اس موقع پر قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور شاہ نذر، ڈی جی مشرق وسطیٰ ڈاکٹر محمد بلال اور پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے، پاکستانی کمیونٹی نے وزیر خارجہ کو قاہرہ آمد پر خوش آمدید کہا،وزیر خارجہ نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے بہت سے امکانات موجود ہیں 

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -