پی ڈی ایم کا لانگ مارچ حکومت کے خاتمے تک جاری رکھنے کا اعلان، 5رکنی کمیٹی قائم 

  پی ڈی ایم کا لانگ مارچ حکومت کے خاتمے تک جاری رکھنے کا اعلان، 5رکنی کمیٹی ...

  

  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پی ڈی ایم نے لانگ مارچ حکومت کے خاتمے تک جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات میں کھلی رائے شماری کا واحد حل آئینی ترمیم ہے،پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس  میں احسن اقبال، نیر بخاری، میر کبیر شاہی، میاں افتخار حسین اور اکرم درانی شامل ہوں گے، 26 مارچ کو ملک بھر سے لانگ مارچ شروع ہوگا، شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں صوبوں کے دورے کیے جائیں گے، تمام مزدور تنظیموں سے رابطہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کنوینئر احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں لانگ مارچ کے انتظامات اور دورانیے پر مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کھلی رائے شماری کا واحد حل آئینی ترمیم ہے، الیکشن کمیشن کی رائے درست ہے کہ آئینی ترمیم ہی ہونی چاہیے۔ لانگ مارچ کا نام قومی مارچ اور مہنگائی مارچ ہوگا، جمعہ تین بجے پی ڈی ایم لاپتا افراد کے دھرنے میں شرکت کرے گی، لاپتا افراد کے ورثا کا صرف یہ مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم آکر ان سے ملاقات کریں۔ وزیر اعظم کوئٹہ میں بھی لاشوں پر نہیں گئے اور کہا انہیں لاشیں رکھ کر بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، وزیر اعظم کے پیروں میں مہندی لگی ہے کہ وہ ڈی چوک نہیں آسکتے؟ کیا جعلی وزیر اعظم گرفتار ہیں؟ اگر گرفتار ہیں تو بتائیں ہم ان کی رہائی کے لیے تحریک چلائیں۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ لانگ مارچ کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، یہ مارچ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت چلی نہیں جائے گی۔

لانگ مارچ

مزید :

صفحہ اول -