حکومت تکبر‘ غرور اور تذلیل کی روش ترک کرے‘ لیاقت بلوچ 

حکومت تکبر‘ غرور اور تذلیل کی روش ترک کرے‘ لیاقت بلوچ 

  

ملتان (پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے میں منصورہ میں سیاسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان سرکار نے سیاسی، اقتصادی، پارلیمانی محاذ پر باقاعدہ حکمت عملی کے تحت فساد اور افراتفری پیدا کی ہے۔اس کی آڑ میں مخالفین کی تذلیل، قومی مفادات کی سودے بازی اور من پسند عوام دشمن مافیا کو تحفظ دیا جارہاہے۔(بقیہ نمبر41صفحہ 6پر)

عوام مہنگائی، بے روزگاری، رشوت، کرپشن اور لاقانونیت کے ہولناک گرداب میں دھکیل دیے گئے ہیں۔ عمران خان نے عوامی فلاح اور اصلاح احوال کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو سینیٹ الیکشن کے بعد سیاسی بھونچال میں نااہلی، نالائقی اور کرپٹ مافیا کو تحفظ دینے والا اقتدار تنکوں کی طرح بکھر جائے گا۔ حکومتی ناکامیوں کو زیادہ دیر سہارا دینا اسٹیبلشمنٹ کے بس میں نہیں رہے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات پر سپریم کورٹ کو دھوکا دیاہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کے لیے آئینی اختیار نہیں رکھتا۔ یہ المیہ اور غیر جمہوری روش کی انتہا ہے کہ سیاسی جمہوری حکومتیں عوام کی دہلیز پر مسائل حل کرنے کے لیے بااختیار بلدیاتی نظام لانے کی نیت ہی نہیں رکھتیں۔اس محاذ پر بھی پی ٹی آئی، پی پی، مسلم لیگ کا ایک ہی لائحہ عمل ہے۔ تمام جمہوری قوتوں کو بااختیار بلدیاتی نظام، شفاف و غیر جانبدارا نہ انتخابات، آئین و پارلیمانی نظام کے تحفظ کے لیے قومی ڈائیلاگ کرناہوگا، اس قومی فرض کی ادائیگی گے لیے پی ٹی آئی حکومت تکبر، غرور اور تذلیل کی روش ترک کرے۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بلوچستان کے خاندانوں کے احتجاج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ زندہ انسانوں کو لاپتہ کرنے سے خاندان زندہ در گور ہوجاتے ہیں۔ حکومت، ریاستی ادارے طویل مدت سے جاری لاقانونیت ترک کریں، لاپتہ افراد کو بازیاب کیاجائے اور آئین، قانون، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے چارٹر کے مطابق بنیادی انسانی حقوق کاتحفظ کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے رہنما سجاد نیازی مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت، لاہو رمیں سجادہ نشین کوٹ مٹھن پیر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور جماعت اسلامی کے رہنما سابق ایم این اے حاجی جاوید اقبال چیمہ کی عیادت بھی کی۔

لیاقت بلوچ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -