فیصل واڈا کواب بھاگنے نہیں دینگے،محمد زبیر،مفتاح اسماعیل

فیصل واڈا کواب بھاگنے نہیں دینگے،محمد زبیر،مفتاح اسماعیل

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ(ن)کے سینئررہنما محمد زبیر نے کہا ہے فیصل واڈا کواڑھائی سال سے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا وقت نہیں ملا لیکن سینیٹ انتخابات میں وہ دو مرتبہ یہاں پہنچ گئے، ہم انہیں بھاگنے نہیں دینگے،سابق وزیر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا عمران خان کو کیسے پتہ چلا کہ پیسے تقسیم ہورہے ہیں، یہ بتائیں کون پیسے لے کر گھوم رہا ہے۔ یہ باتیں دونوں رہنما ؤں نے جمعرات کوکراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ ہم یہاں فیصل واڈا کے کاغذات نا مز د گی چیلنج کرنے آئے ہیں، ہمارا موقف ہے فیصل واڈا الیکشن لڑنے کے اہل نہیں۔ عمران خان نے فیصل واڈا کو ٹکٹ دیا جو اڑھائی سال سے الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں، اب ہم انہیں بھاگنے نہیں دینگے، پتہ نہیں انہیں کیا سوچ کر ٹکٹ دیا گیا، یہ آپس میں کھچڑی بنارہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں لیگی رہنماؤں نے مشااللہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اورکہامرحوم کی ملک اور جمہوریت کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، انہوں نے آئین و قانون کی بالادستی کیلئے بڑی جدوجہد کی۔ اس موقع پر جاوید میر ایڈووکیٹ نے کہا فیصل واڈا نے قومی اسمبلی کے الیکشن کا فارم بھرتے ہوئے حلف نامے میں لکھا تھا وہ پاکستانی شہری ہیں لیکن امریکی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ انہوں نے بعد میں جمع کرایا، فیصل واڈا بینک ڈیفالٹر ہیں ان پر یہ کیس بھی چل رہا ہے، امید ہے الیکشن کمیشن اس پر ان سے جواب طلب کرے گا۔

محمد زبیر

مزید :

صفحہ اول -