”15 سال بعد پاکستان واپسی پر بہت خوش ہوں اور چاہتا ہوں کہ پرستاروں کو۔۔۔“ کرس گیل نے ایسا دبنگ اعلان کر دیا کہ ہر باﺅلر پریشان ہو جائے

”15 سال بعد پاکستان واپسی پر بہت خوش ہوں اور چاہتا ہوں کہ پرستاروں کو۔۔۔“ کرس ...
”15 سال بعد پاکستان واپسی پر بہت خوش ہوں اور چاہتا ہوں کہ پرستاروں کو۔۔۔“ کرس گیل نے ایسا دبنگ اعلان کر دیا کہ ہر باﺅلر پریشان ہو جائے
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہونے والے کرس گیل اس مرتبہ کچھ خاص کر دکھانے کیلئے بے تاب ہیں جن کا کہنا ہے کہ میں دھواں دھار اننگز سے پرستاروں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا چاہتا ہوں، یہ ٹورنامنٹ اپنی مہارت اور صلاحیت ثابت کرنے کے موقع ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کرس گیل نے کہا کہ میں 15سال بعد پاکستان واپسی پر بہت خوش ہوں، ان دنوں قرنطینہ جاری ہے مگر میں جسمانی اور اس سے بھی زیادہ ذہنی طور پر خود کوکافی بہتر محسوس کررہا ہوں، یقینی طور پر یہاں میرے پرستار موجود ہیں اس لئے میں پی ایس ایل چھ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے دھواں دھار اننگز سے ان کو بہترین تفریح فراہم کرتے ہوئے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا چاہتا ہوں، میدان میں 20فیصد تماشائیوں کی آمد سے بھی حوصلہ افزائی ہونے کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھانے کی تحریک ملے گی۔

ماضی میں پی ایس ایل میں بہتر کارکردگی نہ دکھا پانے اور چھٹے ایڈیشن کیلئے عزائم سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس بار پاکستانی پرستاروں کیلئے بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے بے تاب ہوں تاکہ وہ بھی جان سکیں کہ ”یونیورس باس“ ابھی کرکٹ کی دنیا میں موجود ہے، میرے پاس اپنی مہارت اور صلاحیت ثابت کرنے کا بڑا موقع ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پرستاروں اور فرنچائز کیلئے شاندار کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، اپنی مصروفیات اور وقت کا فرق ہونے کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سمیت پی ایس ایل کے زیادہ میچز نہیں دیکھ سکا لیکن قرنطینہ کے دوران کوچز سے بات ضرور ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد گزشتہ ایونٹ کی پرفارمنس اور آئندہ کے ٹیم پلان پر تبادلہ خیال ہو گا، میری کوشش ہوگی کہ اپنا کردار بخوبی ادا کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں، پی ایس ایل کے 2میچزکے بعد ویسٹ انڈیز کی جانب سے سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز میں شرکت کیلئے جانا پڑے گا، بعد میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوبارہ نمائندگی کیلئے پاکستان آنے کا پلان بنایا جائے گا۔

پاور ہٹنگ کے خواہشمند نوجوان بیٹسمینوں کو مشورہ دیتے ہوئے کرس گیل نے کہا کہ اگر کسی میں چھکے لگانے کی مہارت اور صلاحیت ہے تو اس پر یقین رکھتے ہوئے سٹروکس کھیلیں کیونکہ گیند پر چھکا نہیں لگایا جا سکتا بلکہ صورتحال کو دیکھ کر پلان بنائیں، جس گیند کو پورے اعتماد سے باہر پھینک سکتے ہیں اس پر سٹروک ضرور کھیلیں، شاٹ کھیلتے ہوئے پوری توجہ گیند پر مرکوز اور توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔

مزید :

کھیل -