این اے 75 ضمنی الیکشن، 3 پولنگ سٹیشنز پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی

این اے 75 ضمنی الیکشن، 3 پولنگ سٹیشنز پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی
این اے 75 ضمنی الیکشن، 3 پولنگ سٹیشنز پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی
سورس: Screen Grab

  

ڈسکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کے دوران تین مقامات پر فائرنگ کے واقعات پیش آنے کے باعث ان  پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ روک دی گئی۔ فائرنگ کے واقعات میں سات افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو  ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ سے ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ گورنمنٹ سکول نسبت روڈ کے پولنگ سٹیشن پر پیش آیا جہاں نامعلوم کار سوار آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد مذکورہ پولنگ سٹیشن کے دروازے بند کرکے پولیس نے کنٹرول سنبھال لیا اور تمام کارکنوں کو باہر نکال دیا۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج پولنگ سٹیشن پر پیش آیا جہاں ہوائی فائرنگ کی گئی۔فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کالج کے گیٹ بند کرکے کارکنوں کو باہر نکال دیا۔ بعد ازاں پولنگ سٹیشن کے باہر ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور فریقین میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان کی میڈیا سے گفتگو کے فوری بعد پیش آیا۔

این اے 75 میں ووٹنگ کے دوران فائرنگ کا تیسرا واقعہ نواحی گاؤں گوئند کے پولنگ سٹیشن پر پیش آیا  جہاں  فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوانوں کی شناخت ماجد اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک کا تعلق پاکستان تحریک انصاف اور دوسرے کا پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے۔

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -قومی -